ریجنل کمیٹی تعلیمی معافی برائے اسیران سرگودہا کا اجلاس، 9 قیدیوں کے کیس زیرِغور لائے گئے

پیر 10 فروری 2025 17:21

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 فروری2025ء) انسپکٹر جنرل آف جیل خانہ جات پنجاب کی جانب سے قیدیوں کی فلاح کے لیے تعلیمی معافی کے اجرا کے لئے ریجنل آفس سرگودھا میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل سرگودھا ریجن سعید اللہ گوندل کی سربراہی میں ریجنل کمیٹی تعلیمی معافی برائے اسیران اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں سرگودھا ریجن کی جیلوں سے سپرنٹنڈنٹس، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس اور مذہبی ٹیچر نے بطورِممبران شرکت کی جن میں سنیئر سپرنٹنڈنٹ ہائی سکیورٹی جیل میانوالی احمد نوید گوندل، سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا خان وحید خان، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل سرگودہا آصف ممتاز، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ ریجن آفس سرگودھا عبدالباسط کھوکھر، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل شاہپورمحسن اقبال اور قاری عبدالغفارمذہبی ٹیچرسینٹرل جیل میانوالی شامل تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران 9 قیدیوں کی تعلیمی معافی کے حوالے سے کیسز زیرِغور آئے۔ ریکارڈ کی چانچ پڑتال کے1 ناظرہ قرآن کریم 3 ماہ تعلیمی معافی، 7 تعلیم القرآن کورس15 یوم/ ایک ماہ تعلیمی معافی،2 ادیب اردو (2/1-7ماہ اور 10 ماہ تعلیمی معافی، ایک فاضل پنجابی (2/1-7ماہ تعلیمی معافی)،ایک میٹرک (2/1-7ماہ تعلیمی معافی) 2 ایف ۔اے(2/1-7ماہ اور 10 ماہ تعلیمی معافی) برائے اجرا صدر دفتر ارسال کی گئی۔

کل 9 اسیران کومختلف مندرجہ بالا امتحانات پاس کرنے پرتعلیمی معافی کی سفارش کی گئی۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات سرگودھا ریجن نے سپرنٹنڈنٹس کو مزید ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی جیلوں میں بھی قیدیوں کی تعلیمی استعداد کو بہتر بنانے اور نظام میں موجود مشکلات کو کم کرنے کے لیے موثر اقدامات کریں تا کہ قیدی معاشرے کامفید شہری بن سکیں، اس کے علاوہ قیدیوں اور حوالاتیوں کی دینی ، دنیاوی اور فنی تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کی تلقین کی۔

مزید برآں تما م سپرنٹنڈنٹس جیل کو تاکید کی گئی کہ تما م تعلیمی معافی کے کیسز بر وقت ریجنل آفس بھجوائے جائیں اور تمام جیل عملےکو سختی سے باور کروایا جائے کہ کسی غلطی کا احتمال نہ ہو اور ٹیوٹا کورسز کے مختلف مہارتی ٹریڈز کو بھی تعلیمی معافی کا حصہ بنا کر بھجوایا جائے تا کہ تمام اسیران مذہبی،غیر مذہبی اور فنی تعلیم حاصل کر کے معافیاں حاصل کر سکیں اور جیل سے رہا ہوکر پاکستان کے مفید شہری بن سکیں۔