Live Updates

پی ٹی آئی نے سندھ یونائیٹڈ پارٹی کو تحریک تحفظ آئین پاکستان اتحاد میں شامل ہونے کی دعوت دے دی

آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے اپوزیشن جماعتوں کو اتحاد میں شامل کیا جائے گا، حلیم عادل شیخ کی زین شاہ سے ملاقات میں گفتگو

پیر 10 فروری 2025 18:06

پی ٹی آئی نے سندھ یونائیٹڈ پارٹی کو تحریک تحفظ آئین پاکستان اتحاد میں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 فروری2025ء)پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کی وفد کے ہمراہ سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر سید زین شاہ سے جامشورو میں اہم ملاقات کی۔ پی ٹی آئی وفد میں پی ٹی آئی مرکزی رہنما حاجی نثار آرائین، امین اللہ موسی خیل، پیر مرتضی شاہ جیلانی، احسن پنھور، بئریسٹر فیاض سمور و دیگر رہنما شامل تھے جبکہ ملاقات میں سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے رہنما سید منیر حیدر شاہ، روشن علی برڑو، جگدیش آروجا، منیر نائچ، امیر تھیبو، و دیگر رہنما بھی شامل تھے۔

ملاقات میں پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر سید زین شاہ کا تحریک تحفظ آئین پاکستان اتحاد میں باضابطہ شامل ہونے کی دعوت دی۔ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے اتحاد پی ٹی آئی کے ساتھ سنی اتحاد کونسل، مجلس وحدت المسلین، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقعہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا عمران خان کے احکامات ہیں کہ جو اپوزیشن جماعتیں اس فلسودہ نظام سے چھٹکارا چاہتی ہیں ان کو تحریک تحفظ آئین پاکستان اتحاد میں شامل کیا جائے، جو سیاسی جماعتیں یہ سمجھتی ہیں اس وقت ملک میں آئین و قانون کی بالادستی قائم نہیں ہے ان سے رابطے کر رہے ہیں ہم نے سندھ یونائیٹڈ پارٹی کو تحریک تحفظ آئین پاکستان اتحاد میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ سندھ یونائیٹڈ پارٹی ہمارے اتحاد کا حصہ بنے تاکہ ملک میں آئین کی بحالی کے لئے مشترکہ جدوجہد کی جا سکے۔

حلیم عادل شیخ نے کہا سندھ یونائیٹڈ پارٹی سندھ کے عوام مسائل پر جدوجہد کرہے سید زین شاہ عوامی مسائل پر آواز بنتے ہیں تحریک تحفظ آئین پاکستان اتحاد میں شامل ہوکر ہماری جدوجہد کا حصہ بنیں تاکہ ملک میں جاری اس فلسودہ نظام کا خاتمہ ہو اور ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی قائم ہو۔حلیم عادل شیخ نے کہا ملک میں جاری ظلم، جبر، فسطائیت کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کو اتحاد میں شامل کریں گے، پیپلزپارٹی، ن لیگ، ایم کیو ایم کے علاوہ تمام جماعتوں کو اتحاد میں شامل ہونے کی دعوت دیں گے، جی ڈی اے سمیت دیگر جماعتوں کو بھی تحریک تحفظ آئین پاکستان کی باضابطہ شامل ہونے کی دعوت دیں گے۔

ملک میں اس وقت آئین اور قانون کی بالادستی ختم ہوچکی ہے، عوام کو اس وقت انصاف نہیں مل رہا ہے،حلیم عادل شیخ نے کہا جبر، ظلم کی یہ سیاہ رات ضرور ختم ہوگی، جو جماعتیں عوام اور ملک کی ترقی کے لئے کوشاں ہیں وہ ہمارے اتحاد میں شامل ہونگی، عمران خان ملک میں آئین اور قانون کی بالاستی قائم کرانے کی جنگ میں صف اول پر کھڑے ہیں۔سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر سید زی شاہ نے کہا پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے تحریک تحفظ آئین پاکستان اتحاد میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی ہے۔

اصولی طور پر ہم آئین اور قانون کی بالادستی کے قیام کے لئے جدوجہد میں شامل ہیں اتحاد میں شامل ہونے کا باضابطہ اعلان سینٹرل ایگزیکیٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد کری گے۔ ہم پی ٹی آئی کی جانب سے تحریک تحفظ آئین پاکستان اتحاد میں شامل ہونے کی دعوت کو ویلکم کرتے ہیں۔سید زین شاہ نے کہا ملک میں اس وقت تین سال سے ہائبرد نظام چل رہا ہے 2024 کے الیکشن میں ایک منصوبے کے تحت جعلی الیکشن کرائے گئے، جعلی مینڈیٹ سے بننے والے حکومت ماورائے آئین فیصلے کر رہے ہی، موجودہ حکومت آئین کی بنیاد کے خلاف فیصلے کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا عدلیہ پر پابندی کے بعد اب میڈیا پر بھی پابندی لگائی جارہی ہے، مسلسل آئین کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے جمہوری نظام درھم برہم ہوجائے گا، آزاد سیاست، شفاف الیکشن اور آئین پاکستان کے تحت ہی ملک چل سکتا ہے ہم چاہتے ہیں عمران خان سمیت سیاسی قیدیوں کو فوری رہا کیا جائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات