سعودی عرب نے پاکستان سمیت 14 ممالک ملٹی پل انٹری ویزا سہولت معطل کر دی

سعودی عرب کی نئی ویزہ پالیسی کے تحت ویزہ حاصل کرنے کے خواہش مند پاکستانیوں کو پاکستان میں اعتماد ویزہ سینٹرز پر بائیومیٹرک اور دیگر ضروری دستاویزات جمع کرانا ہوں گی

muhammad ali محمد علی پیر 10 فروری 2025 21:42

سعودی عرب نے پاکستان سمیت 14 ممالک ملٹی پل انٹری ویزا سہولت معطل کر دی
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 فروری2025ء) سعودی عرب نے پاکستان سمیت 14 ممالک ملٹی پل انٹری ویزا سہولت معطل کر دی، سعودی عرب کی نئی ویزہ پالیسی کے تحت ویزہ حاصل کرنے کے خواہش مند پاکستانیوں کو پاکستان میں اعتماد ویزہ سینٹرز پر بائیومیٹرک اور دیگر ضروری دستاویزات جمع کرانا ہوں گی۔ تفصیلات کے مطابق حج سیزن 2025 قریب آنے پر سعودی عرب کی جانب سے ویزہ پالیسی میں بڑی تبدیلی کا اعلان کیا گیا ہے۔

سعودی عرب نے حج سیزن 2025 کے آغاز میں ساڑھے 3 ماہ کا وقت باقی رہ جانے پر 14 ممالک کیلئے نئی ویزہ پالیسی کا اجراء کیا ہے۔ سعودی عرب نے پاکستان سمیت 14 ممالک کے لیے نئی ویزا پالیسی کا اجراء کیا ہے جس کے تحت رواں ماہ سے پاکستانیوں کیلئے ایک سال کی ملٹی پل انٹری ویزا کی سہولت معطل رہے گی۔

(جاری ہے)

سعودی حکومت نے پاکستان سمیت 14 ممالک کیلئے سیاحت، کاروبار اور خاندانی وزٹ کے لیے جاری کیے جانے والے ایک سالہ ملٹی پل ویزے کو معطل کرتے ہوئے صرف سنگل انٹری ویزہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سعودی عرب کی اس نئی ویزہ پالیسی کا اطلاق پاکستان، بھارت، بنگلادیش، الجزائر، مصر، ایتھوپیا، انڈونیشیا، عراق، اردن، مراکش، نائیجیریا، سوڈان، تیونس اور یمن کے شہریوں پر ہو گا۔ سعودی حکام کے مطابق یہ اقدام غیر قانونی طور پر حج ادا کرنے والے افراد کو روکنے سے غرض سے اٹھایا گیا ہے۔ نئی ویزہ پالیسی کا اجراء ان افراد کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے جو سرکاری حج کوٹے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے طویل المدتی ویزہ کا استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر حج ادا کرتے ہیں۔

نئی ویزہ پالیسی کے تحت اب پاکستان سمیت 14 ممالک سے وابستہ سعودی عرب جانے کے خواہش مند افراد کو صرف سنگل انٹری ویزہ جاری کیا جائے گا۔ یہ ویزہ صرف 30 دن کیلئے کار آمد ہو گا۔ پاکستان میں اس ویزہ کو حاصل کرنے کیلئے درخواست گزاروں کو پاکستان میں ہی اعتماد ویزہ سینٹرز پر بائیومیٹرک اور دیگر ضروری دستاویزات جمع کرانا ہوں گی۔