Live Updates

پارٹی کیلئے محنت نہ کرنے والوں کا راستہ روکنے کیلئے ہر حد تک جاؤں گا، جنید اکبر کی وارننگ

اگر کسی نے یہ کہا کہ مجھے فنڈز نہیں دیئے گئے تو وہ سیاست چھوڑ کر دکان کھول لے، پیسوں سے سیاست کرنے والے لوگ پارٹی کے نام پر دھبہ ہوں گے؛ صدر پی ٹی آئی خیبرپختونخواہ کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 11 فروری 2025 11:35

پارٹی کیلئے محنت نہ کرنے والوں کا راستہ روکنے کیلئے ہر حد تک جاؤں گا، ..
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 فروری 2025ء ) پاکستان تحریکِ انصاف خیبر پختونخواہ کے صدر جنید اکبر نے خبردار کیا ہے کہ پارٹی کے لیے محنت نہ کرنے والوں کا راستہ روکنے کے لیے ہر حد تک جاؤں گا، پی ٹی آئی میں گروپنگ کی کوئی گنجائش نہیں۔ پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ صوابی جلسہ کامیاب تھا، صوابی کے جلسے میں توقعات سے زیادہ لوگ آئے، جلسے سے متعلق رپورٹس مانگی ہیں، غیر تسلی بخش کارکردگی والوں کو آگے جانے نہیں دوں گا کیوں کہ اگر پارٹی میں رہنا ہے تو محنت کرنی ہوگی، محنت نہ کرنے والوں کا راستہ روکنے کے لیے ہر حد تک جاؤں گا۔

میڈیا ٹاک میں جب صحافی نے اس سے پوچھا کہ کیا اراکینِ اسمبلی کو جلسے کے لیے فنڈز فراہم نہیں کیے گئے تھے؟ اس پر جنید اکبر نے جواب دیا کہ اگر کسی نے یہ کہا کہ مجھے فنڈز نہیں دیے گئے تو وہ سیاست چھوڑ کر دکان کھول لے، پیسوں سے سیاست کرنے والے لوگ پارٹی کے نام پر دھبہ ہوں گے، تاہم شکیل خان ایک ایماندار شخص ہیں، اس لیے میں ان کے ساتھ اب بھی کھڑا ہوں، چاہے کسی کو اچھا لگے یا برا میں شکیل خان کے حق کے لیے بولوں گا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پارٹی میں میری یا علی امین گنڈاپور کی کوئی اہمیت نہیں، اہم صرف عمران خان اور ہمارے ووٹرز ہیں، صوابی جلسے کے ہمارے دو مقصد تھے، ایک مقصد فنانس کا تھا کہ کیا ہم کوئی ایکٹیوٹی کرسکتے ہیں یا نہیں، دوسرا لوگ غلط فہمی پھیلا رہے تھے کہ 26نومبر کے بعد لوگ نہیں نکلیں گے، میں نے کبھی نہیں کہا کہ گولیاں ساتھ لانی ہیں، میں نے کہا تھا گولیاں کھانے کی تیاریوں کے ساتھ آئیں گے، میں نے کبھی نہیں کہا کہ کرپشن پر کمیٹی بناؤں گا، میں نے کہا تھا میں جزا و سزا کا سسٹم پارٹی کے اندر لے کر آؤں گا، جو محنت کرے گا پارٹی میں رہے گا جو نہیں کرے گا وہ دیکھ لے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات