وزیرِدفاع کا ڈی پی او آفس سیالکوٹ کا دورہ، سیف سٹی پراجیکٹ اور جدید پولیسنگ اقدامات کی تعریف

ہفتہ 12 جولائی 2025 23:07

وزیرِدفاع کا ڈی پی او آفس سیالکوٹ کا دورہ، سیف سٹی پراجیکٹ اور جدید ..
سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2025ء)وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے ہفتے کو ڈی پی او آفس سیالکوٹ کا دورہ کیا، جہاں ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد اور کمانڈر آپریشنز سیف سٹی ساجد حمید ورک نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ دورے کے دوران وزیرِ دفاع کو آپریشنز مانیٹرنگ سنٹر سیف سٹی میں پولیس کی جدید حکمت عملی، سیف سٹی پراجیکٹ اور عوامی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ڈی پی او فیصل شہزاد نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویڑن کے مطابق سیالکوٹ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی آرٹیفیشل انٹیلیجنس سسٹمز، باڈی کیم سے لیس سنیپ چیکنگ، اور دیگر جدید اقدامات متعارف کروائے ہیں، جن کے نتیجے میں ضلع میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

وزیرِ دفاع کو سیالکوٹ کی آبادی، جغرافیائی محلِ وقوع، معاشی اہمیت اور موجودہ پولیس وسائل کا دیگر اضلاع کے ساتھ تقابلی جائزہ بھی پیش کیا گیا۔

اس موقع پر ڈی پی او نے زور دیا کہ سیالکوٹ کو ’’سٹی ڈسٹرکٹ‘‘کا درجہ دیا جانا ناگزیر ہے تاکہ ضلع کی ضروریات کے مطابق پولیس فورس اور وسائل مہیا کیے جا سکیں۔ڈی پی او نے شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل کی نشاندہی کی اور ان کے ممکنہ حل تجویز کیے، جن میں ٹریفک مینجمنٹ کو مؤثر بنانا اور انفراسٹرکچر کی از سرِ نو تشکیل شامل تھی۔وزیر دفاع نے پولیس لائنز میں زیرِ تعمیر پاکستان کے پہلے ڈرائیو تھرو پولیس خدمت مرکز کا بھی معائنہ کیا، جہاں شہری بغیر گاڑی سے اترے 14 اہم پولیس سہولیات حاصل کر سکیں گے۔

وزیر دفاع کو سیف سٹی منصوبیکے مختلف پہلوؤں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی جن میں آرٹیفشل انٹیلی جنس پر مبنی جدید مانیٹرنگ سینٹر، ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن پینک بٹن سسٹم ورچوئل بلڈ بینک سمیت دیگر جدید سہولیات شامل تھیں۔دورے کے اختتام پر خواجہ محمد آصف نے ڈی پی او فیصل شہزاد اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ حکومتِ پنجاب سیالکوٹ کو ایک محفوظ، جدید اور ترقی یافتہ شہر بنانے کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام اقدامات وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اس ویڑن کی عملی تعبیر ہیں، جس کے تحت ایک عوام دوست، مؤثر اور جدید پولیسنگ نظام کو فروغ دیا جا رہا ہے۔