کراچی ،جامع مسجد تقویٰ میں صحیح البخاری کی روح پرور تقریب

منگل 11 فروری 2025 20:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 فروری2025ء)جامعہ الدراسات الاسلامیہ گلشن اقبال کراچی میںروح پرور اور فقید المثال تقریب تکمیل صحیح بخاری کا انعقاد جامع مسجد تقویٰ میں ہوا۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ محمد یوسف طیبی ،( ڈائر یکٹر الایمان ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹ آف لاہور) نے اپنی بصیرت افروز گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مدارس دینیہ کراچی اور پورے پاکستان میں بڑی آب و تاب اور سج دھج سے قرآن و حدیث اور علوم عالیہ کی دینی تعلیم دینے میں مصروف عمل ہیں میں آج جامعہ ہذا میں آپ سے اور خصوصاً سندِ فراغت حاصل کرنے والے 25علماء کرام سے مخاطب ہوںجنہوں نے اس جامعہ سے فراغت حاصل کر لی ہے اب وہ پاکستان کے طول وارض میں اور خصوصاً اپنے اپنے علاقوں میں دین اسلام کی اشا عت و ترویج اور دعوت وتبلیغ کے مشن میں لگ جائیں گے کیونکہ انہوں نے جو اس جامعہ سے تعلیم حاصل کی ہے وہ تعلیم انہیں اس بات پر مجبور کر رہی ہے کہ وہ معلم اور تعلم کے رشتوں کو اس طرح استوار کریں جیسے کائنات کے امام محمد عربیﷺ نے مسجد نبوی سے ملحقہ مٹی کے کچے چبوترے پر اصحاب صفہ کو تعلیم دی تھی۔

(جاری ہے)

اس قرآنی اور روحانی محفل کے ہزاروں سامعین کرام جن سے جامع مسجد تقویٰ کھچا کھچ بھری ہوئی تھی اور مستورات کے ہال میں تل رکھنے کی جگہ نہیں تھی سے جامعہ الدراسات الاسلامیہ کے مدیر الجامعہ پروفیسر محمد یوسف کشمیری (رکن مرکزی رویت ہلال کمیٹی آف پاکستان) نے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ کراچی اورصوبہ سندھ کے ہر گوٹھ میں اور ہر شہر میں بھی مساجد و مدارس قائم ہیں اور ان میں تجربہ کار اساتذہ علوم عالیہ اور حفظ القرآن کی کلاسز با قاعدگی سے لے رہے ہیں جہاں سے اب تک ہزاروں حفاظ کرام اور سینکڑوں علمائے کرام فراغت حاصل کر چکے ہیںانہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر فرد میں اب بھی قرآن و حدیث کے علوم سے بلا کی محبت ہے میں اللہ تعالیٰ سے بدست دعا ہوں کہ رب تعا لیٰ یہاں بیٹھے ہوئے ہر خاندان کے بچوں کو دینی اور دنیاوی شعور عطا فرمائے۔

آمین۔ اس پروقار روحانی تقریب سے مرکزی مسلم لیگ کراچی کے صدر فیصل ندیم ، ملی یکجہتی کونسل آف پاکستان کے صدر قاری محمد یعقوب شیخ ، پشاور سے آئی ہوئی بزرگ دینی شخصیت و شیخ الحدیث مولانا عبدالعزیز نورستانی اور الشیخ یحییٰ مسجد نے اس محفل کے شرکاء سے نصیحت آموز اور بصیرت افروز خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر 25علماء کرام کو قیمتی انعامات ، قرآن مجیدسمیت نادر کتب اور اسناد سے نوازا گیا۔