کاغذی لیموں کی فروری و مارچ میں کاشت کیلئے معتدل آب وہوا اہمیت کی حامل ہے،محکمہ زراعت سیالکوٹ

منگل 11 فروری 2025 20:10

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 فروری2025ء) محکمہ زراعت سیالکوٹ کے آفیسر ذیشان گورائیہ نے کہا ہے کہ کاغذی لیموں کی فروری و مارچ میں کاشت کیلئے معتدل آب وہوا اہمیت کی حامل ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کسانوں کو لیموں کی کاشت کے بارے آگاہی دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سیالکوٹ، ساہیوال، ملتان،گجرات، سرگودھا، گوجرانوالہ،رحیم یار خان کے علاقے کاغذی لیموں کی کاشت کیلئے خصوصی اہمیت کے حامل ہیں جبکہ پنجاب کے علاوہ سندھ اور خیبر پختونخوا میں بھی لیموں کامیابی سے کاشت کیاجا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ درجہ حرارت کے نقطہ انجماد سے گرنے کے باعث کاغذی لیموں کی فصل کو شدید نقصان پہنچنے کا احتمال رہتاہے تاہم عام فصلوں اور پھلوں کی کاشت کیلئے موزوں زمین کاغذی لیموں کی کاشت کیلئے مناسب ہے۔

(جاری ہے)

ذیشان گورائیہ نے بتایاکہ گرم موسم اور خشک علاقے جہاں درجہ حرارت 40سے47 ڈگری سینٹی گریڈ سے اوپر چلا جائے وہاں لیموں کی کاشت کامیابی سے نہیں ہو سکتی۔

انہوں نے بتایاکہ لیموں کے پودے لگانے کا بہترین وقت فروری تا مارچ ہے نیز اچھی بڑھوتری اور بہترین کوالٹی کیلئے زرخیز میرا زمین بھی لیموں کی کاشت کیلئے موزوں ہے مگر ریتلی، کلراٹھی، سیم تھور اور سخت تہہ والی زمین اس کی کاشت کیلئے مناسب نہیں۔ ذیشان گورائیہ نے بتایاکہ لیموں کے پودے بذریعہ قلم کامیابی سے کاشت نہیں ہو سکتے کیونکہ تیار شدہ پودوں کی جڑیں مضبوط نہیں ہوتیں اور پودے کمزور رہ جاتے ہیں۔