پنجاب یونیورسٹی لائبریری کے زیر اہتمام کتابوں پر تعارفی گفتگو کاانعقاد

جمعرات 13 فروری 2025 20:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2025ء)پنجاب یونیورسٹی لائبریری بک کلب کے زیر اہتمام مطالعہ کی عادات کو فروغ دینے کیلئے دو کتابوں پر تعارفی گفتگو پیش کی گئی جس میں مارشل بی روزنبرگ کی ''نن وائلنٹ کمیونیکیشن'' اورڈاکٹر اکمل سومرو کی ''برطانوی استعماریت، نو آبادیات،رد نوآبادیت اور جدیدیت کا مطالعہ‘‘- شامل تھیں۔

تقریب میں چیف لائبریرین ڈاکٹر محمد ہارون عثمانی، انسٹیٹیوٹ آف ایڈمنسٹریٹو سائنسز کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر طیب علی خان، انسٹیٹیوٹ آف انگلش لینگویج اینڈ لٹریچر کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر شاہ زیب خان، فیکلٹی ممبران اور طلبائو طالبات نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر طیب نے انگریزی تصنیف پر سیر حاصل بات چیت کرتے ہوئے ہمدردانہ ابلاغیات کے اصولوں پر روشنی ڈالی جیسا مصنف کی جانب سے بیان کیاگیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمدردانہ بات چیت سے تنازعات کو کیسے حل کیا جا سکتا ہے اور بامعنی روابط استوار کیے جا سکتے ہیں۔ دریں اثناء اردو کتاب ’’برطانوی استعماریت‘‘ پربات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر شاہ زیب خان نے نوآبادیات، نوآبادیاتی نظام اور جدیدیت کی پیچیدگیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے عصری سماجی و سیاسی فریم ورک کے اندر تاریخی بیانیے کو بھی سیاق و سباق میں پیش کیا جس سے جنوبی ایشیا میں استعمار کی میراث بارے شرکاء میں بحث کو ہوا دی گئی۔ ڈاکٹر ہارون عثمانی نے تقریب کو کامیاب بنانے، پڑھنے اور تنقیدی سوچ کے کلچر کو فروغ دینے پر مقررین اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔