چولستان یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز بہاولپور کے پہلے کانووکیشن کی شاندار تقریب کا انعقاد

جمعرات 13 فروری 2025 23:23

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 فروری2025ء)چولستان یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز بہاولپور کے پہلے کانووکیشن کی شاندار تقریب کا انعقاد۔کانووکیشن میں سیکرٹری لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب ثاقب علی عطیل، سپیشل سیکرٹری لائیوسٹاک ساؤتھ پنجاب، اظفر ضیاء، وائس چانسلر خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی رحیم یار خان پروفیسر ڈاکٹر عامر اعظم خان، وائس چانسلر گورنمنٹ صادق کالج وویمن یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم سمیت اعلیٰ تعلیمی، سماجی اور حکومتی شخصیات، والدین، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔

کانووکیشن میں سال 2022ء ، 2023ء ، 2024ء اور 2025ء میں کامیاب ہونے والے بیچلرز، ماسٹرز، ایم فل اور ڈاکٹریٹ کے طلبہ کو ڈگریاں دی گئیں۔

(جاری ہے)

مختلف شعبہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو خصوصی میڈلز اور شیلڈز دی گئیں۔کانووکیشن میں 1394 سکالرز اور گریجویٹ طلبہ کو ڈگریاں دی گئیں۔ جن میں بالترتیب 1025 بی ایس، 53 ڈاکٹر آف ویٹرنری میڈیسن, 22 بیچلرز آف بزنس ایڈمنسٹریشن، 292 ایم فل اور 2 پی ایچ ڈی کی ڈگریاں طلبہ و طالبات نے وصول کیں جبکہ پوزیشن حاصل کر نیوالے طلبہ و طالبات کو میڈل دیئے گئے۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد مظہر ایاز نے اپنے خطاب میں چولستان یونیورسٹی کی تعلیمی، تحقیقی، کلینیکل سروسز، ایکسٹینشن پروگرامز اور چولستان یونیورسٹی کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد مظہر ایاز نے کہا کہ چولستان یونیورسٹی نے اپنی اعلی تعلیمی معیار، تحقیق اور وسائل کو برؤے کار لا کر نوجوان نسل کی ویٹرنری ایجوکیشن میں مہارتوں کو اُجاگر کرنے میں ہمیشہ اپنا مثالی کردار ادا کیا ہے۔

وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی وسیع پیمانے پر سروسز سرانجام دے رہی ہے جن میں تشخیصی، توسیعی، کلینیکل، ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ اور ایڈوائزری سروسز نمایاں ہیں اور یونیورسٹی میں اساتذہ دل جوئی سے تحقیقی منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔ دور جدید کے تقاضوں اور وقت کی ضرورتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے یونیورسٹی نے اپنے کلینکس اور لیبارٹریوں کو جدید کیا ہے تا کہ طلبہ کو بہتر انداز میں سہولیات مہیا کی جا سکیں۔

سیکرٹری لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب، ثاقب علی اطیل نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد مظہر ایاز، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عامر اعظم خان اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم کے ہمراہ پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو میڈلز اور شیلڈز دیں۔ نیز ڈگریاں اور میڈل حاصل کرنے والے طلبا و طالبات، ان کے والدین اور اساتذہ کرام کو مبارکباد پیش کی اور اُن سے پوری لگن کے ساتھ محنت کرنے اور ملک کی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد مظہر ایاز نے تمام معزز مہمانوں، حاضرین اور اساتذہ کا شکریہ ادا کیا۔ اور چولستان یونیورسٹی کے تمام طلبہ کو مبارکباد پیش کی جنہوں نے ہائیرایجوکیشن کے حصول کے لئے چولستان یونیورسٹی کا انتخاب کیا اور کہا کہ کامیاب طلبہ اپنے والدین اور یونیورسٹی کے لئے فخر اور ملک کے لئے ایک قیمتی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ آپ اپنی عملی زندگی میں ملک و ملت کی ترقی میں اپنا مثالی کردار ادا کریں گے اور دوسروں کے لئے مشعل راہ بنیں گے۔