9 مئی اورمسلم لیگ ن کا آفس جلانے کے مقدمات، یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، محمود الرشید سمیت 31 ملزمان پر فرد جرم عائد

اعجاز چوہدری سمیت دیگر ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا ، عدالت نے ملزمان کے خلاف گواہوں کو شہادت کیلئے طلب کر لیا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 14 فروری 2025 16:15

9 مئی اورمسلم لیگ ن کا آفس جلانے کے مقدمات، یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 فروری 2025)سانحہ 9 مئی اورمسلم لیگ ن کا آفس جلانے کے دو مقدمات میں عدالت نے یاسمین راشد،اعجاز چوہدری، محمود الرشید،عمر سرفراز چیمہ سمیت 31 ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی، انسداد دہشتگردی عدالت میں نومئی اور ن لیگ کا دفتر جلانے کے مقدمات کی سماعت ہوئی اس دوران پی ٹی آئی رہنماؤں کو عدالت میں پیش کیا گیا، یاسمین راشد،اعجاز چوہدری،محمود الرشید،عمر سرفراز چیمہ ودیگر ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا۔

انسداد دہشتگردی عدالت لاہورنے دونوں مقدمات میں یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید پر فرد جرم عائد کی۔ عدالت نے ملزمان کے خلاف گواہوں کو شہادت کیلئے طلب کر لیا۔عدالت نے دونوں مقدمات میں فرد جرم عائد کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف گواہوں کو شہادت کیلئے طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

بعدازاں انسداد دہشتگردی عدالت نے مزید کارروائی کوٹ لکھپت جیل میں کرنیکا حکم دیتے ہوئے سماعت 20 فروری تک ملتوی کر دی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 9 مئی کلمہ چوک میں کنٹینر جلانے کا مقدمے میں عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں پر کنٹینر نذر آتش کیس میں فرد جرم عائد کر دی تھی۔عدالت نے ملزمان کیخلاف پراسیکیوشن کے گواہان کو طلب کیا تھا۔ شاہ محمود قریشی اور اعجاز چودھری سمیت دیگر پر فرد جرم عائد کی گئی ہے، عدالت نے مقدمہ کے 21 ملزمان پر فرد جرم عائد کی ہے، شاہ محمود قریشی سمیت دیگر ملزموں نے صحت جرم سے انکار کیا۔

انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے کوٹ لکھپت جیل میں سماعت کی تھی۔زیر حراست رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، محمود الرشید، عمر سرفراز چیمہ کی جیل میں حاضری مکمل کی گئی تھی۔پی ٹی آئی کارکنوں غلام محی الدین سمیت دیگر کارکنان مقدمہ میں نامزد تھے۔مقدمات کے برضمانت ملزمان کی جیل میں حاضری مکمل کی گئی تھی۔ کلمہ چوک پر کنٹینر جلانے کا مقدمہ نمبر 1078/23 تھانہ نصیر آباد میں درج کیا گیا تھا۔

پی ٹی آئی رہنماؤں پر بغاوت اور کارکنان کو فسادات پر اکسانے کا الزام عائد تھا جبکہ اس مقدمہ میں میاں اسلم اقبال، حماد اظہر، حامد رضا گیلانی، مراد سعید، زبیر نیازی، واثق قیوم، سید خان، عبد الصمد اور محمد جاوید اشتہاری ہو چکے ہیں۔ بعدازاں عدالت نے مزید کارروائی 17 فروری تک ملتوی کر دی تھی۔