یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز15 اپریل سے عوام کیلئے جدید تشخیصی لیبارٹری کا آغاز کرے گی

جمعہ 14 فروری 2025 20:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 فروری2025ء) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) لاہور 15 اپریل سے اپنی جدید تشخیصی لیبارٹری کا آغاز کرے گی جو عوام کو معیاری اور قابلِ اعتماد تشخیصی سہولیات کم قیمت پر فراہم کرے گی۔ یہ لیبارٹری جدید ترین ٹیکنالوجی اور آلات سے لیس ہے اور بین الاقوامی معیار کے مطابق خدمات فراہم کرے گی۔

لیبارٹری پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے ساتھ رجسٹرڈ ہے اور معیار کی ضمانت کے لیے آئی ایس او سرٹیفیکیشن کے حصول کے مراحل میں ہے۔ یو ایچ ایس کے وائس چانسلر پروفیسر احسن وحید راٹھور کا کہنا ہے کہ یہ تشخیصی لیبارٹری پنجاب حکومت کے اس وژن کو پورا کرنے کی جانب ایک قدم ہے کہ ہر شہری کو مالی حیثیت سے قطع نظر معیاری صحت کی سہولت ملے۔

(جاری ہے)

ہمارا فوکس کم قیمت کے ساتھ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنا ہے۔

یو ایچ ایس کے ترجمان کے مطابق لیبارٹری کا مائیکروبایولوجی سیکشن بیکٹیریا، وائرل اور فنگل انفیکشن کی تشخیص پر توجہ دے گا جس میں جدید کلچر تکنیک، حساسیت کے ٹیسٹ اور فوری تشخیصی طریقے شامل ہوں گے۔ ہسٹوپیتھالوجی ڈیپارٹمنٹ کینسر اور دائمی بیماریوں کی درست تشخیص کے لیے ٹشو سیمپلز کے تفصیلی تجزیے کرے گا۔ یہ خدمات تجربہ کار پروفیشنلز اور جدید آلات کے ذریعے فراہم کی جائیں گی، تاکہ بروقت اور درست نتائج ممکن بنائے جا سکیں۔

لیبارٹری کے مالیکیولر جینیٹکس میں موروثی بیماریوں، کینسر جینیٹکس، اور متعدی امراض کی تشخیص کے لیے جدید جینیاتی ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ بایو کیمسٹری کے شعبے میں جگر اور گردے کے فنکشن ٹیسٹ، لیپڈ پروفائل، اور بلڈ گلوکوز مانیٹرنگ جیسے ٹیسٹ شامل ہوں گے، جن کے لیے خودکار مشینیں تیز اور درست نتائج فراہم کریں گی۔ہیماٹولوجی کے جامع ٹیسٹ میں مکمل خون کے تجزیے (CBC)، کوایگولیشن پروفائلز، اور خون کی کمی، لیوکیمیا، بون میرو، پلیٹلٹس فنکشن سٹڈیز اور کلاٹنگ ڈس آرڈرز جیسی حالتوں کی تشخیص کے لیے سپیشلائزڈ ڈائیگنوسٹک شامل ہوں گے۔

امیونولوجی میں لیبارٹری خودکار تکنیکوں کے ذریعے آٹوامیون ڈس آرڈرز، الرجیز، اور متعدی بیماریوں کی تشخیص پر توجہ دے گی۔فیکلٹی ممبرز کے ساتھ لیبارٹری کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے، پروفیسر راٹھور نے تمام متعلقہ شعبوں کو ہدایت کی کہ وہ مقررہ وقت میں منصوبے کو مکمل کریں۔ انھوں نے مزید کہا کہ یہ لیبارٹری طبی تحقیق اور تعلیم کے مرکز کے طور پر بھی کام کرے گی جس سے یو ایچ ایس کے طلبہ اور محققین کو فائدہ ہوگا اور صوبے میں صحت کی سہولیات میں بہتری آئے گی۔

پروفیسر راٹھور نے کہا کہ جدید آلات، تربیت یافتہ عملے اور مارکیٹ سے کم ریٹ پر خدمات کے ساتھ یہ لیبارٹری لاہور اور گردونواح کے مریضوں کے لیے ایک بڑی سہولت ثابت ہوگی جہاں بہت سے ٹیسٹوں کے نتائج اسی دن فراہم کیے جائیں گے۔