راولپنڈی کینٹ میں بسنت ،منچلوں اور پولیس اہلکاروں کے درمیان آنکھ مچولی ،درجنوں گرفتاریاں

جمعہ 14 فروری 2025 21:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2025ء) راولپنڈی کینٹ میں بسنت منانے والوں اور پولیس کے درمیان دن بھر آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا،پولیس کی جانب سے بسنت کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران درجنوں گرفتاریاں کی گئیں۔

(جاری ہے)

پولیس ترجمان کے مطابق پوٹھوہار سرکل میں بسنت کو ناکام بنانے کے لئے متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز سمیت تمام افسران فیلڈ میں موجود رہ کر کریک ڈاؤن کی نگرانی کرتے رہے اور شہریوں کی آگاہی کے لئے مساجد سے اعلانات اور گھر گھر پمفلٹ کی تقسیم کا سلسلہ بھی جاری رہا ،جس دوران بتایا گیا پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کی روک تھام کے لئے بلند عمارتوں سے مانیٹرنگ کی جارہی ہیں، پتنگ بازی قابل تعزیر اور ناقابل ضمانت جرم ہے جس کی سزا3سال سے7سال قید اور 5لاکھ روپے تک جرمانہ ہے، ہوائی فائرنگ اور پتنگ بازی کی صورت میں فوری قانونی کارروائی کی جائے گی، جن عمارتوں کی چھتوں سے پتنگ بازی یا ہوائی فائرنگ ہو گی ان کے مالکان کے خلاف بھی مقدمات درج کئے جائیں گے۔

والدین اپنے بچوں کو اس جان لیوا کھیل سے روکیں،قانونی کارروائی کی صورت میں ان کا مستقبل تاریک ہو سکتا ہے،اپنی وقتی خوشی کے لئے دوسروں کی جان کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔