حضرت لعل شہباز قلندر کا 773 واں عرس مبارک پیر سے شروع ہوگا

ہفتہ 15 فروری 2025 17:21

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 فروری2025ء) حضرت لعل شہباز قلندر کا 773 واں عرس مبارک 17 فروری (پیر )سے شروع ہوگا۔ عرس مبارک کے تیسرے روز رات کو شہباز آڈیٹوریم میں اختتامی تقریب میں مختلف شعبوں میں بہترین کارکردگی پر "شہباز ایوارڈ" تقسیم کیے جائیں گے۔ حضرت لعل شہباز قلندر کے عرس مبارک کے موقع پر ثقافتی مقابلہ"ملاکھڑہ" تین روز تک ملاکھڑا گراؤنڈ سیہون میں جاری رہے گا۔

عرس مبارک کے دوران ڈائریکٹر جنرل منور علی مہیسر کی قیادت اور ڈپٹی ڈائریکٹر کلچر سلیم سولنگی کی نگرانی میں روایتی سندھی ثقافتی سرگرمیاں "سگھڑن جی کچہری"، ادبی کانفرنس، دستکاری کی نمائش سمیت تینوں روز لوک موسیقی کے پروگرامز بھی منعقد ہوں گے ملک کے نامور فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی جامشورو، محمد ظفر صدیق چھانگا کے مطابق 5 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں سمیت رینجرز اور سادہ لباس میں اہلکاروں کی مدد حاصل ہوگی تاکہ عرس مبارک کے دوران زائرین کی مکمل اور موثر سکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔

عرس مبارک کے دوران سی سی ٹی وی کیمرے، واک تھرو گیٹس اور سنٹرل کنٹرول روم کی مدد سے سرگرمیوں کو ریئل ٹائم میں مانیٹر کیا جائے گا۔ پاکستان نیوی کے اہلکار اڑل واہ اور دانیسٹر واہ نہروں کی نگرانی کریں گے تاکہ کسی بھی قسم کے حادثے کو روکا جا سکے نیز دفعہ 144 نافذ کر کے ان نہروں میں نہانے اور بھاری ٹریفک پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ جامشورو محکمہ صحت، پی پی ایچ آئی اور سید عبداللہ شاہ انسٹیٹیوٹ آف ميڈیکل سائنسز ہسپتال کی جانب سے عرس مبارک کے دوران 32 میڈیکل کیمپ قائم کیے گئے ہیں جہاں ایمبولینسز اور ہنگامی ادویات دستیاب ہوں گی۔

سیہون میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، اور طبی عملہ اور سہولیات 24 گھنٹے کام کر رہے ہیں۔ سید عبداللہ شاہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز سیہون کے ڈائریکٹر محمد معین الدین صدیقی نے زائرین کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھائے ہیں۔ مرکز کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے، اضافی عملہ تعینات کیا گیا ہے اور ہنگامی ردعمل کی ٹیمیں کلیدی مقامات پر موجود ہیں۔

ضروری ادویات اور ایمبولینسز ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو سیہون شہر کی صفائی اور حفظان صحت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ناجائز قبضوں کو ہٹایا جا رہا ہے اور فائر بریگیڈ کی ناکارہ گاڑیوں کی مرمت کر کے انہیں فعال کیا گیا ہے۔ ضلع انتظامیہ جامشورو نے 17 فروری کو ضلع بھر میں جبکہ سندھ حکومت نے 19 فروری 2025 کو حضرت لعل شہباز قلندر کے عرس کے موقع پر صوبے میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی جانب سے زائرین کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے سیہون کے 8 آر او پلانٹس کو فعال کرنے اور فراہمی آب کو یقینی بنایا گیا ہے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے سیہون میں پینے کے صاف پانی کے لیے سبیلیں بھی قائم کی جائیں گی جہاں زائرین کو منرل واٹر کی بوتلیں فراہم کی جائیں گی۔ محکمہ اوقاف کی جانب سے مزار کے اندر زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے گئے ہیں جن کی نگرانی چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف فرخ شہزاد قریشی کر رہے ہیں۔