فوڈ سیفٹی ٹیموں کا شادی پورہ میں چھاپہ ،3194لیٹر جعلی کولڈ ڈرنکس، خالی بوتلیں، ڈھکن لیبل اور مشینری ضبط

0لیٹر محلول، 300کلو پیکنگ میٹریل تلف ،موٹر، مکسر، ویٹ مشین، کسمپریسر، فلنگ مشین، گیس سلنڈر، ڈرم، ٹینک بھی ضبط کیے گئے

ہفتہ 15 فروری 2025 17:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2025ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے جعلسازی کا ہر حربہ ناکام بنانے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں ، ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے حکم فوڈ سیفٹی ٹیموں نے شادی پورہ میں بڑا چھاپہ مار کر 3194لیٹر جعلی کولڈ ڈرنکس، خالی بوتلیں، ڈھکن لیبل اور مشینری ضبط کر لی جبکہ 300لیٹر محلول، 300کلو پیکنگ میٹریل تلف کر کے مقدمہ درج کروا دیا ۔

موٹر، مکسر، ویٹ مشین، کسمپریسر، فلنگ مشین، گیس سلنڈر، ڈرم، ٹینک بھی ضبط کیے گئے ۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے بتایا کہ جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے پر یونٹ مالک کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا، یونٹ میں مختلف برانڈز کی جعلی اشیا کی تیاری کی جارہی تھی۔ یونٹ سے برآمد شدہ تمام ایکسپائر خام مال ضبط کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

بغیر منظور شدہ فارمولا کولڈ ڈرنکس تیار کی جا رہی تھی، یونٹ میں صفائی کے ناقص انتظامات، اشیا کی تیاری زمین پر کی جارہی تھی۔

جعلی محلول قوانین کے خلاف نیلے ڈرموں میں رکھا پایا گیا، خوراک کا کاروبار بغیر فوڈ اتھارٹی لائسنس چھپ کر کیا جارہا تھا۔ ویجیلنس ٹیم کی ریکی کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی ۔ عاصم جاوید نے کہا کہ جعلی کولڈ ڈرنکس اور جوسز کا استعمال گردے اور جگر کو متاثر کرسکتا ہے،خوراک کے نام پر جعلی کاروبار کرنے والوں کو ہر صورت پنجاب سے نکال بھگائیں گے۔ پنجاب بھر سے صحت دشمن عناصر کا ہر حربہ ناکام بنا کر قلع قمع کیا جائے گا۔