فیصل آباد، ہینڈ بال کے انٹرنیشنل کھلاڑی منظور حسین کو آہوں اور سسکیوں میں سپرد خاک کر دیا گیا

ہفتہ 15 فروری 2025 20:20

+ فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 فروری2025ء) ہینڈ بال کے انٹرنیشنل کھلاڑی منظور حسین کو آہوں اور سسکیوں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔قومی ہینڈ بال ٹیم کے کوچ نصیر احمد کے چھوٹے بھائی ہینڈ بال ٹیم کے انٹرنیشنل کھلاڑی و فیسکو سب ڈویژن غلام محمد آباد کے لائن فورمین فرسٹ منظور حسین 48 سال کی عمر میں اچانک ہارٹ اٹیک سے گزشتہ رات اپنے خالق حقیقی سے جا ملے تھے (انا للہ وانا الیہ راجعون) مرحوم نے اپنے پیچھے بیوہ 2 بیٹے اور 2 بیٹاں سوگوار چھوڑی ہیں۔

نماز جنازہ پروفیسر ڈاکٹر حافظ سعید احمد چنیوٹی کی امامت میں ادا کی گئی۔ نمازِ جنازہ کے بعد مرحوم کو چوھڑ ماجرا والے قبرستان میں اشکبار آنکھوں کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔ نمازِ جنازہ میں سیاسی وسماجی اور مذہبی شخصیات عزیز واقارب، دوست واحباب سمیت تمام مکاتب فکر کے سینکڑوں افراد نے شرکت کی دریں اثناء مرکزی جمعیت اہلحدیث پنجاب کے امیر مولانا عبد الرشید حجازی حافظ محمد یونس آزاد سید سبطین شاہ نقوی مہر محمد عبداللہ و دیگر نے مرحوم کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم انتہائی نیک ملنسار اور خوش مزاج و خدا ترس انسان تھے۔

(جاری ہے)

ہمیشہ خدمت انسانیت کے جذبہ سے ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں شریک رہتے تھے۔ ہم سب دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی بشری خطاؤں کو معاف کرتے ہوئے انھیں جنت الفردوس اور لواحقین کو صبر جمیل عطاء فرمائے آمین ثم آمین