علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے بورڈ آف ایڈوانس سٹڈیزکا 72 واں اجلاس

پیر 17 فروری 2025 18:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2025ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں بورڈ آف ایڈوانس سٹڈیز اینڈ ریسرچ(بسر)کے 72ویں اجلاس کا پہلا سیشن گزشتہ روز منعقد ہوا۔ نظامت و معاونت کا فریضہ بسرکے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹرارشاد احمد ارشد نے سرانجام دیا۔ اجلاس میں گزشتہ فیصلوں پر عملدرآمد کی رپورٹ اور رواں اجلاس کا ایجنڈا پیش کیاگیا۔

اجلاس میں یونیورسٹی کے ڈینز، پروفیسرز، سبجیکٹ سپیشلسٹس اور پی ایچ ڈی سکالرز شریک تھے۔ پہلے سیشن میں کلیہ عربی و علوم اسلامیہ کے شعبہ قرآن و تفسیر، شریعہ،فکر اسلامی و ثقافت کے 15سکالرز نے اپنے تحقیقی مقالے پیش کئے۔سبجیکٹ سپیشلسٹس نے طلبہ کے تحقیقاتی موضوعات کو باریک بینی سے پرکھااور پیش کئے جانے والے مقالے منظور کئے گئے اور چند تبدیلیوں کی نشاندہی کی گئی۔

(جاری ہے)

بورڈنے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ طلبہ منظور شدہ فارمیٹ پر ہی اپنی تحقیق مکمل کریں اور ہدایات جاری کیں کہ موضوع کے انتخاب میں تحقیق کے تمام تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھاجائے اور عصر حاضر کی ضرورتوں کے مطابق تحقیق کو سماجی و اقتصادی ترقی سے ہم آہنگ کرنے کے لئے راہ ہموار کی جائے۔ اس موقع پر بورڈ نے مزید کہا کہ ایکسپرٹس کے تجربات اور رہنمائی طلبہ کے تحقیقی عمل کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار رکھتی ہے،تحقیقی خاکوں میں عام فہم اور سادہ الفاظ کا استعمال کریں۔اجلاس میں 41ایم فل طلبہ کے تحقیقی موضوعات کو ریسرچ پروپوزل کمیٹی کی سفارشات پر منظور بھی کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :