چوکیوں پر حملے و فائرنگ میں 4اہلکاروں کی شہادت پر افسوس

پیر 17 فروری 2025 20:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2025ء)بانیان پاکستان کی اولادوں کی تنظیم محب قومی سماجی کونسل (ایم کیو ایس سی)پاکستان کے چیئرمین و محب وطن سماجی رہنما محمد اسلم خان فاروقی نے کہا ہے کہ شہر قائد کے مسائل کے حل کے لیے سب کو ملکر کام کرنا چاہیے دراصل الگ الگ جدوجہد سے مسائل کا جلد حل ناممکن ہے اس لیے کہ شہر کراچی پر مختلف مافیا کا قبضہ ہے جو شہر کو مسلسل کھنڈر بنا رہی ہے اور قیمتی انسانی جانوں سے کھیل رہی ہے جبکہ شہر کراچی میں امن و دیگر مسائل کا حل ملکی استحکام کے لیے انتہائی ناگزیر ہے چنانچہ شہر کو مافیا کے قبضے سے آزاد کرانا بہت ضروری ہے اور اس سلسلے میں سیاسی، مذہبی، سماجی و دیگر تمام تنظیموں کو چاہیے کہ کراچی کو مافیا کے قبضے سے آزاد کرانے کے ایک نکاتی ایجنڈے پر مشترکہ جدوجہد کا آغاز کریں اور اس مشترکہ جدوجہد کا بیڑا اٹھانے کا کام جماعت اسلامی کو سر انجام دینا چاہیے چونکہ کراچی کی عوام نے جماعت اسلامی سے بڑی امیدیں وابستہ کر رکھی ہیں ان خیالات کا اظہار اسلم خان فاروقی نے مقامی کلب میں بیگم رعنا لیاقت علی خان کی 120ویں یوم ولادت کی تقریب کے موقع پر سول سوسائٹی کے اراکین سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا اسلم خان فاروقی نے کہا کہ سول سوسائٹی بھی ایک توانا آواز ہے اسے بھی کراچی پر مافیا کے قبضے کے خلاف بھرپور آواز اٹھانا چاہیے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں اسلم خان فاروقی نے بلوچستان کے ضلع قلات میں لیویز چوکی اور کیچ میں چوکیوں پر حملے و فائرنگ میں 4اہلکاروں کی شہادت اور 8کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اور شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔