زرعی یونیورسٹی پشاورمیں ڈیپارٹمنٹل سپورٹس فیسٹیول کاانعقاد

پیر 17 فروری 2025 22:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2025ء) زرعی یونیورسٹی پشاور کے انسٹیٹیوٹ آف بائیوٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ (آئی بی جی ای) نے ہر سال کی طرح اس سال بھی طلباء کی ذہنی و جسمانی نشوونما کے حوالے سے ڈیپارٹمنٹل سپورٹس فیسٹیول 2025 کا انعقاد کیا ہے جو ہفتہ بھر منایا جائے گا۔ فیسٹیول میں کل 8 کھیل کھیلے جائیں گے جن میں طلبہ کرکٹ، والی بال، باسکٹ بال، بیڈمنٹن، فٹ بال، ٹیبل ٹینس اور ٹگ آف وار (رسہ کشی) کے کھیلوں میں تقریبا 80 طلبہ حصہ لے رہے ہیں جبکہ طالبات کے کھیلوں میں بیڈمینٹن، ڈارٹس، ٹگ آف وار (رسہ کشی) ، لڈو اور سکیپنگ روپ جن میں تقریبا 30 طالبات حصہ لیں رہی ہیں۔

فیسٹیول میں فیکلٹی ممبران اور طلبہ و طالبات نے کافی جوش دیکھایا اور رنگارنگ غباروں، بینرز اور جھنڈیاں اٹھا کر مہمان خصوصی اور دیگر شرکاء کا استقبال کیا۔

(جاری ہے)

مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ایمرئٹس ڈاکٹر جہان بخت نے فیتا کاٹ کر باقاعدہ سپورٹس فیسٹیول کا آغاز کیا، سپورٹس فیسٹیول کے انعقاد پر منتظمین کی تعریف کی اور کہا کہ سپورٹس فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد ایک ٹیم ورک اور خوداعتمادی و انسانی اقدار کا جذبہ پیدا کرنا ہے، طلباء اس میں لگن اور جوش سے حصہ لے، کھیل ہمارے لئے کلاس رومز کی طرح ضروری ہے کیونکہ بہترین مطالعہ کے لئے صحت مند دماغ کا ہونا لازمی ہیں، جس کے لئے کھیل کود میں حصہ لینا ضروری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جہاں کھیل کے میدان آباد ہو وہاں ہسپتال ویران ہونگے۔ اس قسم کے کھیلوں کے ساتھ ساتھ تقریری ، پوسٹرز، مشاعروں وغیرہ کے مقابلوں کے انعقاد کا بھی اہتمام کیا جائے تاکہ ہمارے نوجوان اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے آگے بڑھیں اور ان میں خود اعتمادی و انسانی اقدار کا جذبہ پیدا ہو۔ڈائریکٹر آئی بی جی ای پروفیسر ڈاکٹر اسد جان، پروفیسر ڈاکٹر اقبال منیر اور چئیرمین سپورٹس بورڈ بلال مروت نے مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جہان بخت و دیگر شرکاء کو خوش آمدید کہا اور فیکلٹی ممبران سمیت طلبہ و طالبات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کھیل ہمیں اتحاد، عزم اور ثابت قدمی اصولوں سے روشناس کراتے ہیں، ہار جیت کھیل کا حصہ ہیں، کامیابی کو شکرگزاری اور ناکامی کو نئے عزم کے ساتھ قبول کرنا سکھاتے ہیں۔