سید زین شاہ کی جی ڈی اے رہنما غلام مرتضی جتوئی کی دہشتگردی کے جھوٹے اور من گھڑت کیس میں گرفتاری کی شدیدمذمت

پیر 17 فروری 2025 21:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2025ء)صدر سندھ یونائیٹڈ پارٹی و کنوینر دریائے سندھ بچا ئوتحریک سید زین شاہ نے نوشہروفیروز سے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی ای)رہنما غلام مرتضی جتوئی کی دہشتگردی کے جھوٹے اور من گھڑت کیس میں گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اپنے جاری مذمتی بیان میں سید زین شاہ کا کہنا تھا کہ غلام مرتضی جتوئی کی گرفتاری پیپلز پارٹی کی آمرانہ ذہنیت کا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

اوچھے ہتھکنڈوں سے جی ڈی اے عوام کے جائز حقوق ،مطالبے اور موقف سے دستبردار نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے حکم پر پولیس کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے۔ سندھ میں ڈاکوں کو گرفتار کرنے کی بجائے سیاسی مخالفین کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ سندھ حکومت اپنی زیادتیوں کو چھپانے کے لیے مخالفین کو نشانہ بنا رہی ہے۔ پیپلز پارٹی کی آمریت اور فسطائیت کے ہر ہتھکنڈے کا بہادری سے مقابلہ کریں گے۔ جعلی اور من گھڑت مقدمہ سے غلام مرتضی جتوئی کا نام فوری طور پر خارج کیا جائے۔