خواتین یونیورسٹی ملتان میں  2روزہ سائنس اینڈ آرٹس انٹرنیشنل کانفرنس اختتام پذیر ہوگئی

منگل 18 فروری 2025 17:52

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2025ء) خواتین یونیورسٹی ملتان میں 2 روزہ سائنس اینڈ آرٹس انٹرنیشنل کانفرنس اختتام پذیر ہوگئی۔ ترجمان کے مطابق کانفرنس میں جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ ماحولیاتی تبدیلوں اور وسائل کی کمی سے مل کر نمٹاجائے گا،یونیورسٹیوں، اکیڈمییز اورمارکیٹس کو ملک کی ترقی کےلئے مشترکہ پراجیکٹ بنانے ہوں گے ،سائنس اور فنون کے امتزاج سے دنیا کو امن اور پائیدار ترقی کا اعلیٰ نمونہ بنایا جاسکتا ہے ۔

ترجمان کے مطابق خواتین یونیورسٹی اور سماجی تنظیم اولیوشن پاکستان کی مشترکہ کاوش سے منعقد کی گئی دو روزہ کانفرنس میں 200 سے زائد ملکی اور غیرملکی ماہرین نے شرکت کی، 250 تحقیقی مقالے پڑھے گئے، 80 پوسٹ اور 15 سائنس ماڈلز پیش کئے گئے۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ گلوبل لیول پر سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی کے لئے ایسی نفرنس جیسے اقدامات کی تسلسل سے ضرورت ہے تاکہ ہمارے طلبہ بین الاقوامی ماہرین کے تجربات سے فائدہ اٹھا کر پاکستان کے بہتر مستقبل کے لئے کردار ادا کر سکیں۔

ایسی کانفرنس وقت کی اہم ضرورت ہے ،ہمیں عالمی سطح پر سائنس و ٹیکنالوجی میں ترقی کےلئے اسے ہر سطح بلکہ سکول کی سطح پر متعارف کرانا چاہیئے ۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فوکل پرسن ڈاکٹر عاصمہ اکبر نے کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی میں جدید رجحانات پر انٹرنیشنل کانفرنس کا انعقاد خوش آئند ہے ۔اس سے دنیا بھر سے ماہرین و محققین کوکانفرنس میں ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرکے ایک دوسرے کے باہمی تجربات سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملا۔

۔ انہوں نے کہا کہ خواتین یونیورسٹی مستقبل میں بھی ایسی کانفرنسز کے انعقاد کا سلسلہ جاری رکھےگی تاکہ تحقیق کےدروازے کھلے رہیں اور ایک دوسرے کی ریسرچ سے استفادہ کیا جائے ۔کانفرنس کے آخری روز پوسٹر پریزنٹیشنز اور مقابلہ سائنس ماڈلز کی نمائش اور مقابلہ، آرٹس، پینٹنگز اور خطاطی کی نمائش اور مقابلہ،مختصر دستاویزی اور خبروں کی کہانی کا مقابلہ اور بزنس پراجیکٹ کے مقابلے ہوئے ،جس میں کامیاب ہونےوالی طالبات میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے ۔ آخر میں کانفرنس کی آرگنائزنگ ٹیم میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے۔