عظمیٰ بخاری کی سٹیج اداکار لکی ڈیئر کے گھر آمد، وزیراعلیٰ مریم نوازکی جانب سے 25 لاکھ کا چیک پیش کیا

منگل 18 فروری 2025 18:43

عظمیٰ بخاری کی سٹیج اداکار لکی ڈیئر کے گھر آمد، وزیراعلیٰ مریم نوازکی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2025ء) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی اسٹیج اداکار لکی ڈیئر کے گھر آمد، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے 25 لاکھ روپے کا امدادی چیک دیا۔عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے خصوصی طور پر بھجوایا گیا پھولوں کا گلدستہ بھی اداکار کو پیش کیا۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری انفارمیشن اینڈ کلچر پنجاب شازیہ رضوان اور پنجاب آرٹس کونسل کے ڈائریکٹر محمد تنویر ماجد بھی ان کے ہمراہ تھے۔

عظمیٰ بخاری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فنکار ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کی بدولت پاکستان دنیا بھر میں نام ہے۔ پنجاب کے تھیٹرز اپنی منفرد ثقافتی پہچان رکھتے ہیں اور ہمارا عزم ہے کہ انہیں حقیقی معنوں میں فیملی تفریح کا مرکز بنایا جائے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں، وزیر اطلاعات نے رات گئے محفل تھیٹر اور ناز تھیٹر کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے بیک اسٹیج، صفائی ستھرائی، اور فنکاروں کے ڈریسنگ رومز کا معائنہ کیا۔

اس دوران، عظمیٰ بخاری نے اسٹیج فنکاروں سے ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے اور حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے تھیٹرز میں قائم کنٹین اور کیفے ٹیریا میں کھانے کے معیار کا بھی جائزہ لیا اور معیاری سہولیات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ دورے کے دوران معروف اداکار آغا ماجد اور ظفری خان سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہ اقدامات پنجاب میں تھیٹر کی بحالی اور اس کی بہتری کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوں گے۔