پنجاب یونیورسٹی،ہیلی کالج کے زیر اہتمام 98 واں سالانہ سپورٹس گالا اور فن فیئر

منگل 18 فروری 2025 23:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2025ء) پنجاب یونیورسٹی ہیلی کالج آف کامرس کے زیر اہتمام98 واں سالانہ سپورٹس گالا اور فن فیئر کا انعقاد کیا گیا،جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی،پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر حافظ ظفر احمد،فیکلٹی ممبران اور طلبا طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔پانچ روزہ سپورٹس گالا میں فیکلٹی ممبران اور ملازمین کے مابین کرکٹ،بیڈمنٹن، فٹبال، والی بال، باسکٹ بال، لانگ جمپ، شارٹ جمپ، ریس و دیگر کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا جا رہاہے۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی نے تقریب میں شرکت کرتے ہوئے بیڈمنٹن، فٹبال اور کرکٹ کے مقابلوں میں حصہ لیا۔انہوں نے کہا کہ کھیل جسمانی صحت اور دماغی نشوونما کیلئے اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی سرگرمیوں کے انعقاد سے طلبا میں مقابلے کا رجحان فروغ پاتا ہے۔انہوں نے بہترین تقریب کے انعقاد پر کالج انتظامیہ کی تعریف کی۔ڈاکٹرحافظ ظفر احمد نے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی کے تعاون پر شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی ہیلی کالج آف کامرس اپنے طلبا کے لئے مثبت اور صحت مندانہ سرگرمیوں کے لئے کردار ادا کرتا رہے گا۔