رفاہ انٹر نیشنل یونیورسٹی کے پانچویں کانووکیشن کی تقریب کا انعقاد، طلبا میں اسنادکی تقسیم

بدھ 19 فروری 2025 14:31

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2025ء) رفاہ انٹر نیشنل یونیورسٹی فیصل آباد کیمپس کے پانچویں کانووکیشن کی شاندار اور پروقار تقریب کا انعقادکیا گیاجس میں بی ایس، ایم ایس اور ایم فل کے 2200 طلبا میں اسناد تقسیم کی گئیں۔وائس چانسلر رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی ڈاکٹریاور حیات خان نے کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان اپنے ذہنوں میں امید کی شمعیں روشن رکھیں اور خود کو مایوس مت ہونے دیں۔

نوجوان ہی ملک کو مسائل سے باہر نکالیں گے۔

(جاری ہے)

تقریب میں ڈاکٹر خالد محمود (رجسٹرار رفاہ انٹر نیشنل یونیورسٹی اسلام آباد)، چیئر مین رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی فیصل آباد کیمپس پروفیسر ڈاکٹر مدثر احمد، وائس چیئر مین رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی فیصل آباد کیمپس ڈاکٹر عبدالرحمن مدثر، ڈائریکٹر کیمپس پروفیسر خلیل الرحمان ودیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر نمایاں نمبرز سے اپنی ڈگریاں مکمل کرنیوالے 74 طلبا میں گولڈ اور 70 میں سلور میڈل تقسیم کئے گئے جبکہ چھ فیکلٹیز کے زیراہتمام بی ایس، ایم ایس اور ایم فل کے 2200طلبا میں اسناد تقسیم کی گئیں۔