یونیورسٹی آ ف سرگودھاکے زیر اہتمام ”ماحولیاتی تبدیلیوں پر بین المضامین تعاون“کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار

بدھ 19 فروری 2025 17:55

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2025ء) یونیورسٹی آ ف سرگودھا میں شعبہ شماریات اور شعبہ ریاضی کے زیر اہتمام ”ماحولیاتی تبدیلیوں پر بین المضامین تعاون“کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں اس بات کو زیر غور لایا گیا کہ کس طرح بین المضامین تعاون کو فروغ دے کر ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کا پائیدار حل نکالا جا سکتا ہے۔

سیمینار میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے جبکہ سیمینار کے دیگر شرکاء میں گلوبل چینج امپیکٹ سٹڈیز سنٹر اسلام آباد کے سینئر سائنٹفک آفیسرمحمد عدنان، سائنٹفک آفیسرڈاکٹر کلیم میر، ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ کلائمیٹالوجی شہباز محمود، یونیورسٹی آف سرگودھا کے ڈین فیکلٹی آف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عامر علی، چیئرمین شعبہ شماریات پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد،چیئرمین شعبہ ریاضی پروفیسر ڈاکٹر غلام عباس، ایسوسی ایٹ پروفیسر شعبہ ریاضی ڈاکٹر محمد اشرف سمیت دونوں شعبہ جات کے فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ اس سیمینار نے مختلف شعبوں کے ماہرین کو ایک جگہ پر لانے اور ان کے درمیان تعاون کو فروغ دے کر ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کم کر نے کا بہترین موقع فراہم کیا ہے۔ یہ تعاون نہ صرف ماحولیاتی مسائل کے حل کے لیے مؤثر طریقے فراہم کرسکتاہے، بلکہ حکومتی اور عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے زیادہ مستند اور معلوماتی پالیسیوں کی تشکیل میں بھی مددگار ثابت ہوسکتا ہے،باہمی تعاون کے ذریعے ماحولیاتی بحرانوں کے اثرات کو کم کرنے، وسائل کے استعمال کو بہتر بنانے، اور پائیدار ترقی کی طرف قدم بڑھانے میں مدد ملے گی۔

لہذا، شعبہ شماریات اور شعبہ ریاضی کا آپس میں تعاون کو یقینی بنانا خوش آئند امر ہے اور اس سلسلہ کو جاری رہنا چاہیے۔پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا کا عزم ہے کہ طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ معاشرتی مسائل کو حل کرنے کے لیے جدید خطوط پر تحقیق کو فروغ دیا جائے۔ ماہرین نے سیمینار میں ماحولیاتی تبدیلیوں کی پیچیدگی کو سمجھنے کے لیے شماریات، ریاضی، ماحولیاتی سائنس، اور اقتصادیات جیسے مختلف شعبوں کے ماہرین کے درمیان تعاون کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ماحولیاتی مسائل کو حل کرنے کے لیے بین المضامین تحقیقی پروگرامز شروع کیے جائیں۔

شماریاتی و ریاضیاتی ماڈلز کے ذریعے ماحولیاتی پالیسیزمیں معاونت کو یقینی بنایا جا سکتا ہے جبکہ زمین کی حرارت وسمندری سطح میں اضافہ، اور موسمی شدت میں تبدیلی کے اثرات پر تجزیہ کے ذریعے ایسی حکمت عملی مرتب کی جا سکتی ہے کہ جس سے ماحولیاتی بگاڑ میں کمی لائی جا سکے۔ اسی طرح ان ماڈلز کے ذریعے ماحولیاتی مسائل کے حل بھی تلاش کیے جا سکتے ہیں۔

ماہرین نے مزید کہا کہ مختلف شعبوں کے ماہرین کا تعاون پائیدار ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ شماریات اور ریاضی کے ذریعے ماحولیاتی اثرات کی درست پیمائش اور بہتر تجزیہ کی بنیاد پر پائیدار ترقی کی حکمت عملیوں کی تیاری میں آسانی ہوگی۔جب مختلف شعبوں کے ماہرین آپس میں تعاون کرتے ہیں تو ان کے درمیان باہمی سیکھنے کا عمل بھی شروع ہوتا ہے۔

ریاضی اور شماریات کے ماہرین ماحولیات اور اس کے پیچیدہ مسائل کو بہتر سمجھ پاتے ہیں، اور ماحولیاتی ماہرین کو ریاضی اور شماریات کے ٹولز کے استعمال کا فائدہ ہوتا ہے۔ یہ بین المضامین تعاون مسئلے کی نوعیت کو زیادہ جامع طور پر سمجھنے اور حل کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔سیمینار کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے شرکاء میں یادگاری شیلڈز تقسیم کیں۔

متعلقہ عنوان :