پنجاب یونیورسٹی کالج آف فارمیسی اور سندس فاونڈیشن کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط

بدھ 19 فروری 2025 18:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2025ء) پنجاب یونیورسٹی کالج آف فارمیسی اور سندس فاونڈیشن کے مابین ایک مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کئے گئے۔ اس سلسلے میں تقریب پنجاب یونیورسٹی کالج آف فارمیسی میں منعقد ہوئی،جس میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر محمد علی، پرنسپل کالج آف فارمیسی پروفیسر ڈاکٹر سید عاطف رضا، صدر سندس فاونڈیشن یاسین خان،ڈائریکٹر سندس فاونڈیشن خالد اقبال ڈار اور دیگر معززین نے شرکت کی۔

تقریب میں پنجاب یونیورسٹی کے طلبا و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی جو اس معاہدے کے تحت تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کی مدد اور فاونڈیشن کے مختلف فلاحی کاموں میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ ایم او یو پر پرنسپل کالج آف فارمیسی پروفیسر ڈاکٹر سید عاطف رضا اور صدر سندس فاونڈیشن یاسین خان نے دستخط کئے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر سندس فاونڈیشن خالد اقبال ڈار نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے طلبا نے ایک بہترین انشیٹو لیا ہے جو قابلِ تحسین ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سندس فاونڈیشن کے پاس اس وقت سات ہزار سے زائد تھیلیسیمیا کے مریض بچے رجسٹرڈ ہیں، جنہیں مستقل بنیادوں پر خون کی ضرورت ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ تھیلیسیمیا کے بچوں کے لیے خون زندگی کی حیثیت رکھتا ہے اور طلبا کی شرکت سے اس مشن کو مزید تقویت ملے گی۔اس موقع پر وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ سندس فاونڈیشن کا کام بہت اہمیت کا حامل ہے اور ہم اس مشن میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کالج آف فارمیسی کے طلبا و طالبات نے بے حد مثبت قدم اٹھایا ہے اور میں ان کے جذبے کو سراہتا ہوں۔وائس چانسلر نے فاونڈیشن کے ساتھ تعاون کرنے والے طلبا و طالبات اور کالج آف فارمیسی کے اساتذہ کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔تقریب میں موجود شرکا نے اس شاندار شراکت داری کو ایک مثبت قدم قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ اس تعاون کے ذریعے تھیلیسیمیا کے مریضوں کو زیادہ بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔