سویلین ٹرائل کیس:اعتزاز احسن نے اپنے ہی وکیل کے دلائل پر اعتراض کر دیا

بدھ 19 فروری 2025 18:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 فروری2025ء)سپریم کورٹ کے آئینی بنچ کے روبروفوجی عدالتوں میںسویلینزکے ٹرائل سے متعلقہ کیس کی سماعت کے دوران بیرسٹراعتزازاحسن نے اپنے ہی وکیل کے دلائل پر اعتراض کردیاجبکہ دوسری جانب ججزنے سوشل میڈیانہ دیکھنے کامشورہ دیاہے۔بدھ کوجسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں آئینی بنچ نے کیس کی سماعت کی تواس دوران اعتزاز احسن نے سلمان اکرم راجا کے گزشتہ روز کے دلائل پر اعتراض کیا اور کہا کہ سلمان اکرم راجا بھی میرے وکیل ہیں۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ نے کل جسٹس منیب اختر کے فیصلے سے اختلاف کیا تھا، میں نے سلمان اکرم راجہ کو ایسی کوئی ہدایت نہیں دی تھی، جسٹس منیب اختر کے فیصلے سے مکمل اتفاق کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ اعتراض شاید صرف آرٹیکل 63 اے والے فیصلے کے حوالے پر ہے، سلمان اکرم راجا نے کہا کہ جسٹس منیب کے فیصلے کے صرف ایک پیراگراف سے اختلاف کیا تھا، کل دلائل ارزم جنید کی جانب سے دیے تھے اور ان پر قائم ہوں، میڈیا میں تاثر دیا گیا جیسے پتا نہیں میں نے کیا بول دیا ہے، آپ کے سوال کو سرخیوں میں رکھا گیا کہ عالمی قوانین میں سویلینز کے کورٹ مارشل کی ممانعت نہیں۔

جسٹس نعیم اختر افغان نے کہا کہ جو سوال پوچھا تو وہ سب کے سامنے ہے، سوشل میڈیا نہ دیکھا کریں ہم بھی نہیں دیکھتے، سوشل میڈیا کو دیکھ کر نہ اثر لینا ہے نہ اس سے متاثر ہو کر فیصلے کرنے ہیں، جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ میڈیا کو بھی رپورٹنگ میں احتیاط کرنا چاہیے۔جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ میرے خلاف بہت خبریں لگتی ہیں بہت دل کرتا ہے جواب دوں، میرا منصب اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ جواب دوں۔سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بغیر کسی معذرت کے اپنے دلائل پر قائم ہوں۔