پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسو سی ایشن کے نومنتخب اراکین کی تقریب حلف برداری

بدھ 19 فروری 2025 23:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 فروری2025ء) پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ا یسو سی ایشن کے نومنتخب اراکین کی تقریب حلف برداری کا انعقاد الرازی ہال میں ہوا جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی، پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، ڈین فیکلٹی آف کامرس پروفیسر ڈاکٹر مبشر منور خان، آسا کے نو منتخب صدر ڈاکٹر امجد مگسی، سیکرٹری ڈاکٹرمحمد اسلام و دیگر عہدیداران سمیت اساتذہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن نے پنجاب یونیورسٹی کے مالی وسائل میں اضافے کے لئے ’’پنجاب یونیورسٹی اپنائیے ‘‘مہم کا آغاز کر دیا۔پنجاب یونیورسٹی اپنے خطاب میں وائس چانسلر نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کی بہتری کے لیے تبدیلیاں لا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںامید ظاہر کی کہ سب مل کر پنجاب یونیورسٹی کی ترقی میں کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ التوا کا شکار سلیکشن بورڈ جلد کریں گے۔

انہو ں نے کہا کہ متعلقہ ڈینز کو 10 دن میں آسامیوں کی اہلیت کے کیسز بھیجنے کی ہدایات جاری کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں ذیادہ سے ذیادہ سولر پینل لگائیں گے اورزرعی زمین کے بہتر استعمال کے لئے بھی ریفارمز لا رہے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ ہاسٹل اور ٹرانسپورٹ کا فنانشل ماڈل بہتر بنا نے کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آسا کی’ پنجاب یونیورسٹی اپنائیے ‘مہم کو سراہتے ہیں۔ ڈاکٹر امجد عباس مگسی نے کہا کہ آسا اساتذہ کمیونٹی کی بھرپور نمائندگی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کو درپیش مالی چیلنجز کے سد باب اور تعلیمی مسائل کے حل کے لئے بھرپور تعاون کریں گے۔