400 کروڑ کے بجٹ کی فلم، کلیکشن 131 کروڑ، گیم چینجر بڑی فلاپ بن گئی

فلم کو ایک پین انڈیا ریلیز کے طور پر پیش کیا گیا تھا لیکن اس کی کمائی کا بڑا حصہ تیلگو ورژن سے آیا

جمعرات 20 فروری 2025 14:18

400 کروڑ کے بجٹ کی فلم، کلیکشن 131 کروڑ، گیم چینجر بڑی فلاپ بن گئی
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 فروری2025ء)جنوبی بھارت کے اسٹار اداکار رام چرن کی فلم گیم چینجر اپنے نام کی طرح بالی ووڈ اور ٹالی ووڈ کیلئے بڑی تبدیلی ثابت نہ ہوسکی۔ یہ مشہور ہدایتکار شنکر کی تیلگو فلموں میں پہلی انٹری تھی، اسے دل راجو نے پروڈیوس کیا تھا اور اس میں رام چرن آر آر آر کے بعد پہلی بار سولو ہیرو کے طور پر جلوہ گر ہو رہے تھے۔

ہر چیز ایک شاندار ہٹ فلم کی طرف اشارہ کر رہی تھی لیکن نتیجہ مایوس کن رہا۔ گیم چینجر بری طرح فلاپ ہوگئی، جس نے شنکر کو لگاتار دوسری ناکامی دی اور 2025 کا آغاز بھارتی فلم انڈسٹری کیلئے مایوس کن بنادیا۔گیم چینجر نے زبردست آغاز کیا اور پہلے دن 51 کروڑ کی کمائی کی۔ فلم کو ایک پین انڈیا ریلیز کے طور پر پیش کیا گیا تھا لیکن اس کی کمائی کا بڑا حصہ تیلگو ورژن سے آیا۔

(جاری ہے)

دوسرے دن فلم کی کمائی کم ہوکر 21 کروڑ تک گر گئی جبکہ اسکے مزید ایک روز بعد یہ کم ہوکر 16 کروڑ تک پہنچ گئی۔ مجموعی طور پر فلم نے بھارت میں صرف 131 کروڑ کمائے، جن میں سے 89 کروڑ تیلگو ورژن سے آئے۔ حالانکہ فلم کو دہلی اور ممبئی میں بڑے پیمانے پر پروموٹ کیا گیا تھا لیکن ہندی ورژن صرف 32 کروڑ ہی کما سکا۔رپورٹس کے مطابق، گیم چینجر کا بجٹ 400 کروڑتھا۔

کچھ ذرائع نے یہ رقم 500 کروڑ تک بتائی لیکن بیشتر ذرائع کے مطابق 400 کروڑ ہی صحیح تخمینہ ہے۔فلم دیکھنے والے ناظرین اور ناقدین کا متفقہ فیصلہ یہ تھا کہ فلم کی کہانی کمزور تھی اورصرف بڑے بجٹ، شاندار مناظر اور خوبصورت سیٹس پر توجہ دی گئی۔ شنکر ہمیشہ اپنی فلموں میں بڑے پیمانے پر کہانی اور جذبات کا توازن رکھتے ہیں لیکن اس بار وہ صرف چمک دمک پر انحصار کرتے نظر آئے۔