فیصل آباد سمیت ڈویژن کے مختلف شہروں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ہے،محکمہ موسمیات

جمعرات 20 فروری 2025 15:42

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2025ء) محکمہ موسمیات نے فیصل آباد سمیت ڈویژن کے مختلف شہروں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کی پیشنگوئی کی ہے اور کہا ہے کہ بدھ کی رات وقفہ وقفہ سے شروع ہونےوالا بارشوں کا سلسلہ جمعہ کو بھی وقفہ وقفہ سے جاری رہے گا۔ محکمہ کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایا کہ فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ سمیت راولپنڈی، جہلم، منگلا، اٹک، سرگودہا، میانوالی،بھکر، خوشاب،نورپورتھل، حافظ آباد، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین،گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، اوکاڑہ، قصور، شیخوپورہ میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران جمعہ کی رات تک وقفے وقفے سے تیز ہواؤں،آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس دوران چند مقامات پر شدید بارش کے ساتھ ساتھ ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ مری، گلیات اور گردونواح میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش وبرفباری کا بھی امکان ہے۔علاوہ ازیں خیبر پختونخواہ کے علاقوں چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی اور کوہاٹ میں تیز ہواؤں وآندھی اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پربرفباری کا امکان ہے جبکہ چترال دیر، سوات،شانگلہ، کوہستان اور مانسہرہ میں بعض مقامات پر شدید بارش کے علاوہ برفباری بھی ہو سکتی ہے۔