ملتان میں ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان کے 14ویں کانووکیشن

جمعرات 20 فروری 2025 22:14

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2025ء) ملتان میں ورچوئل یونیورسٹی 14ویں کانووکیشن کا انعقاد ہوا۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز یہاں منعقدہ کانوکیشن تقریب میں طلباء و طالبات سمیت اساتذہ اور والدین نے شرکت کی،بانی وائس چانسلرایمرسن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان بطور مہمان خصوصی شرکت ہوئے۔ڈاکٹر محمد رمضان نے اپنے خطاب میں ورچوئل یونیورسٹی کے تعلیمی ماڈل اور اس کی ڈیجیٹل لرننگ کے فروغ کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ورچوئل یونیورسٹی اپنے جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور سیٹلائٹ ٹیلی ویژن کے ذریعے ملک بھر کے طلباء کو معیاری تعلیم فراہم کر رہی ہے،خاص طور پر ان طلباء کے لیے جو دور دراز یا کم ترقی یافتہ علاقوں میں رہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ورچوئل یونیورسٹی ایک نئی نسل کے ہنر مند پیشہ ور تیار کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے،جو پاکستان کی معیشت اور ورک فورس میں حصہ ڈالنے کے لیے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

ورچوئل یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ارشد سلیم بھٹی نے کہا کہ کانووکیشن کے ذریعے اکیس ہزار سے زائد طلباء و طالبات کو پورے پاکستان میں ڈگریاں دی گئی ہیں ،جن میں سے چار ہزار سے زائد طلباء نے ملتان میں ڈگری حاصل کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ورچوئل یونیورسٹی آن لائن تعلیم کا ایک منفرد اور کامیاب ماڈل پیش کر رہی ہے۔اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر محسن جاوید، رجسٹرار ورچوئل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اطہر عظیم خان اور دیگر اعلیٰ انتظامی و تدریسی شخصیات بھی موجود تھیں۔تقریب میں شریک مختلف تعلیمی اور صنعتی شخصیات نے ورچوئل یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلباء کی مہارتوں اور صلاحیتوں کو سراہا۔