بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں ماحولیاتی استحکام کو فروغ دینے کے لیے شجرکاری مہم کا آغاز

جمعرات 20 فروری 2025 22:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2025ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد نے ماحولیاتی استحکام کو فروغ دینے کے لیے شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا جس کا افتتاح ریکٹر جامعہ ڈاکٹر مختار احمد نے جامعہ کے نئے کیمپس میں کیا۔ اس مہم کے تحت 5000 پودے لگائے جائیں گے جبکہ ابتدائی مرحلے میں یونیورسٹی کے نیو کیمپس میں 350 پودے لگائے گئے ۔

افتتاح کے موقع پر ریکٹر جامعہ کے ہمراہ صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد شجاع سید اور نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرحمن بھی موجود تھے۔ اس تقریب میں ڈینز، فیمیل کیمپس کی انچارج، شعبوں کے سربراہان، انتظامیہ کے ڈائریکٹر، طلباء اور ہارٹیکلچر ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے بھی شرکت کی۔ شجرکاری مہم میں حصہ لیتے ہوئے تقریب کے بعد فیکلٹی ممبران اور افسران نے پودے لگائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جامعہ میں ہر شخص کم از کم دو پودے لگائے اور ایک ایسا میکانزم تجویز کیا جس کے تحت جو لوگ پودے لگائیں وہ ان کی دیکھ بھال کی ذمہ داری بھی لیں۔ انہوں نے ماحول کے تحفظ میں جامعہ کے فعال کردار پر بھی زور دیا۔صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد شجاع سید نے ہارٹیکلچر ڈیپارٹمنٹ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے تعلیمی اداروں کے ماحول کے تحفظ کے لیے اہم کردار پر روشنی ڈالی ۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیاں نہ صرف علم کے مراکز ہیں بلکہ وہ معاشرے میں ماحول کے تحفظ کے رویے کو اجاگر کرنے میں بھی اہم کردارکے حامل ہیں۔ڈائریکٹر انتطامیہ ڈاکٹر انعام الحق نے بریفنگ میں بتایا کہ کیمپس میں زیتون کے باغ کے قیام کے لیے کینیڈا سے سپانسرشپ کے سلسلے میں بھی بات چیت جاری ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ماحولیات ڈیپارٹمنٹ نے اس مہم کو وسعت دینے اور موافق ماحولیاتی کوششوں کو مضبوط بنانے کے لیے متعدد تنظیموں کے ساتھ رابطہ کیا ہے۔

اس موقع پر ریکٹر جامعہ کو یونیورسٹی کے مستقبل میں ماحولیاتی پائیداری اور سرسبز و شاداب کیمپس کے اہداف بارے بریف کرتے ہوے بتایا گیا کہ جامعہ میں زیتون کی شجر کاری کے لیے پی کے آئل سیڈ بورڈ کے ساتھ ایک منصوبے کے اجراء پر کام جاری ہے۔ اس کے علاوہ درختوں کی تعداد کو بڑھانے کے لیے ہیلپنگ ہینڈ این جی او کے ساتھ ایک شراکتی منصوبے کے لیے بھی بات چیت جاری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی میں ایک بوٹینیکل گارڈن قائم کرنے پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :