ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نےایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں پودا لگا کرشجر کاری مہم کا آغاز کر دیا

جمعہ 21 فروری 2025 13:16

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2025ء) ڈپٹی کمشنر ایبٹ آبادکیپٹن (ر) ثناءاﷲ خان نے بلین ٹری پلس پلانٹیشن ڈرائیو کے تحت ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا۔ اس موقع پر جامعہ ایبٹ آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران ڈپٹی کمشنر ایبٹ نے شجرکاری کی اہمیت، ماحولیاتی تحفظ اور سرسبز و شاداب پاکستان کے لئے اس مہم پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ درخت ہماری زمین کے لئے نہایت اہم ہیں اور تمام شہریوں کو زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر آنے والی نسلوں کے لئے ایک بہتر ماحول فراہم کرنا چاہیئے۔

ڈپٹی کمشنر نے آگاہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ، دیگر اداروں کے تعاون سے شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لے رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام شہریوں، طلبہ، سرکاری و نجی اداروں سے اپیل کی کہ وہ اس مہم میں بھرپور شرکت کریں اور اپنے علاقہ کو سرسبز و شاداب بنانے میں کردار ادا کریں۔ اس موقع پراسسٹنٹ کمشنرایبٹ آباد زرک یار خان تورو، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر لبنیٰ اقبال، ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر ، ڈپٹی منیجر واسا، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹور ازم جی ڈی اے ، ڈسٹرکٹ آفیسر ایگریکلچرو دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر طلبہ کی بڑی تعداد نے شجر کاری مہم میں حصہ لیا اور اپنے حصے کے پودے لگائے۔