گرو رندھاوا اپنی فلم ’’شونکی سردار‘‘ کی شوٹنگ کے دوران زخمی

پیر 24 فروری 2025 14:08

گرو رندھاوا اپنی فلم ’’شونکی سردار‘‘ کی شوٹنگ کے دوران زخمی
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2025ء)بھارتی پنجاب سے تعلق رکھنے والے گلوکار، گیت نگار اور میوزک کمپوزر گرشرن جوت سنگھ رندھاوا المعروف گرو رندھاوا حال ہی میں اپنی آئندہ آنیوالی فلم’’ شونکی سردار‘‘ کے ایک ایکشن سیکوئنس کی فلم بندی کے دوران زخمی ہونے کے باعث اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ اتوار کو سوشل میڈیا ایپ انسٹا گرام پر انہوں نے اپنی صحت کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال اپنے اکانٹ سے شیئر کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے اسپتال کے بیڈ سے جو اپنی تصویر پوسٹ کی اس میں وہ سروائیکل کولر لگائے دیکھے جاسکتے ہیں۔ اس تصویر کے کیپشن میں انہوں نے تحریر کیا، میری پہلی اسٹنٹ، میری پہلی انجری، لیکن جذبے اس طرح برقرار ہیں۔ فلم شونکی سردار کے سیٹ سے ایک یاد۔ بہت مشکل کام ہے ایکشن والا، لیکن اپنے آڈینس کے لیے محنت کرونگا۔انکی پوسٹ پر نہ صرف پرستاروں بلکہ فلم انڈسٹری کے بہت سے اسٹارز نے انکے زخمی ہونے پر اپنی تشویش اور انکی فوری صحتیابی کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اداکارہ مرونل ٹھاکر، سینئر اداکار انوپم کھیر، گلوکار میکا سنگھ سمیت دیگر نے انکی حوصلہ افزائی سمیت فوری صحت یابی کی دعا کی۔