جی سی یونیورسٹی لاہور میں کیریئر ایکسپو کا انعقاد، وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی شرکت

منگل 25 فروری 2025 21:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2025ء)گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں کیریئر ایکسپو کا انعقاد کیا گیا، جس کا افتتاح صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کیا۔ اس موقع پررجسٹرارڈاکٹر شوکت علی اور انچارج کیریئر گائیڈنس سفیان بجار بھی موجود تھے۔کیریئر ایکسپو کا بنیادی مقصد طلباء کو ملازمتوں اور انٹرن شپ کے مواقع فراہم کرنا تھا تاکہ وہ اپنے پیشہ ورانہ مستقبل کے لیے بہتر تیاری کر سکیں۔

ایونٹ میں 50 سے زائد معروف بین الاقوامی اور قومی اداروں نے شرکت کی، جن میں آئی ٹی سیکٹر، بینکنگ، نیوی اور ایئر فورس جیسے اہم ادارے شامل تھے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ یونیورسٹی طلبہ کو تعلیمی مرحلے کے دوران ہی روزگار کے مواقع فراہم کر رہی ہے تاکہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ عملی تجربہ بھی حاصل کر سکیں۔

(جاری ہے)

رانا سکندر حیات نے کہا کہ ہمیں اپنی یونیورسٹیوں کو عالمی سطح کی یونیورسٹیوں کے مقابلے میں لانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم تمام یونیورسٹیوں میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے انکوبیشن سینٹرز قائم کریں گے تا کہ طلبہ جدید ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کر سکیں۔انہوں نے خواتین کی ترقی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم وومین امپاورمنٹ پر کام کر رہے ہیں، کیونکہ خواتین کی ترقی ہی پاکستان کی ترقی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے طلبہ کو اسکالرشپس اور لیپ ٹاپس فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے طلباء سے کہا کہ دو ہفتوں میں جی سی یو کا مستقل وائس چانسلر بھی آ جائے گا۔ رانا سکندر حیات نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ ٹیکنالوجی اور سکلز سیکھنے کی طرف توجہ دیں تاکہ وہ مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کر سکیں۔