خصوصی عدالت ، جلائو گھیرائو کے تین مقدمات میں سابق وفاقی وزیر اسد عمر کی عبوری ضمانتیں خارج

بدھ 26 فروری 2025 18:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2025ء) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی جلائو گھیرائو کے تین مقدمات میں سابق وفاقی وزیر اسد عمر کی عبوری ضمانتیں خارج کردیں۔انسداد دہشت گردی عدالت کے ایڈمن جج منظر علی گل نے سماعت کی۔بدھ کو سماعت پر اسد عمر کے وکلاء کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ اسد عمر عدالت کیوں پیش نہیں ہوئے۔

(جاری ہے)

وکیل نے آگاہ کیا کہ اسد عمر بیمار ہیں، عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے۔جج نے ریمارکس دیئے کہ ایسا کیوں ہے؟ ،پچھلی پیشی پر بھی وہ عدالت پیش نہیں ہوئے،ہر بار غیر حاضری پر ریلیف نہیں دیا جائے گا۔ عدالت نے کچھ دیر کے لیے فیصلہ محفوظ کیا، بعدازاں عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے عدم پیروی کی بنیاد پر سابق وفاقی وزیر اسد عمر کی عبوری ضمانتیں خارج کردیں ۔عدالت نے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست بھی مسترد کردی ۔اسد عمر نے نو مئی جلا ئو گھیرا ؤکے تین مقدمات میں ضمانتیں دائر کی تھیں۔