وومن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ حکومت بلوچستان کے زیر اہتمام وومن رائٹس اینڈ جینڈر وائلنس کے حوالے سے آ گہی سیشن کا انعقاد

بدھ 26 فروری 2025 19:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2025ء) وومن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ حکومت بلوچستان کے زیر اہتمام وزارت انسانی حقوق کی اشتراک سے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کینٹ میں وومن رائٹس اینڈ جینڈر وائلنس کے حوالے سے ایک اہم آ گہی سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں ریجنل ڈائریکٹر ہیومن رائٹس اسفندیار خان بادینی ،ڈپٹی کمشنر لورالائی میران خان بلوچ ،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آ فیسر فوزیہ درانی، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عالم خان لون، سرکاری محکموں کے ا فسران، سکولوں کے اساتذہ، طلباء و طالبات اور سماجی تنظیموں کے نمائندوں و دیگر خواتین و حضرات نے شرکت کی۔

اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر ہیومن رائٹس اسفندیار خان بادینی نے انسانی حقوق خصوصاً خواتین کے حقوق، صنفی تشدد سے بچاؤ کے بارے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 8 مارچ خواتین کے عالمی دن کے مناسبت سے منایا جاتا ہے،قانون کی روشنی میں ہر ایک کے حقوق کی تحفظ ہے ،اس حوالے سے پورے ملک میں پروگرام جاری ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انصاف اور ناانصافی ہر دور میں ہوتا آ رہا ہے،اس ضمن میں بہت سے ادارے کام کر رہے ہیں،ہر ادارے کا ایک ویژن ہوتا ہے،انسان پیدائشی طور پر عدم تحفظ کا شکار ہوتا ہے ،وہ اپنے تحفظ کی تلاش میں ہوتا ہے ،اس لیے انسانی حقوق کے اداروں کا قیام ناگزیر ہے، سب سے پہلے گھر سے حق تلفی شروع ہوتی ہے ،ہر شخص چھوٹا یا بڑا ، مرد یا عورت قانون کی نظر میں برابر ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہر مذہب اور قانون مساوات کی بات کرتا ہے ۔تقریب سے ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عالم خان لون، سوشل ویلفیئر آ فیسر ماہ جبیں نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے تقریب میں پوچھے گئے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔آخر میں روبینہ زہری نے کہا کہ لورالائی میں ہیومن رائٹس کے حوالے سے قانون تک خواتین کی رسائی میں مدد کی جا سکتی ہے، بلوچستان کے 6 ڈویژنز میں ہمارے ادارے موجود ہیں، لورالائی میں بھی وومن بازار، وومن شلٹر کراسس سنٹر قائم کررہے ہیں ۔