ا*ایس کے بی امیدواروں کے مطالبات تسلیم کیے جائیں،پروفیسر حلیم صادق

ق*کنٹریکٹ پر اساتذہ کی بھرتی تعلیم کے شعبہ کیساتھ سنگین مذاق ہے، رہنما اے پی پی ش*عوام پاکستان پارٹی ایس کے۔بی امیدواروں کے ہر قسم کے احتجاج میں شریک ھوگی

جمعرات 27 فروری 2025 19:35

ة کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 فروری2025ء) عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے سنیئر رہنما، سمالزئی ٹرسٹ کے بانی چیئرمین اور ممتاز ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر عبدالحلیم صادق سمالزئی نے سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی کے ٹیسٹنگ امیدواروں کے مطالبات کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے مطالبات کو فوری تسلیم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اہل اور محنتی امیدواروں کے ساتھ ناانصافی ناقابلِ قبول ہے اور اگر ان کے حقوق پر سمجھوتہ کیا گیا تو بلوچستان میں تعلیمی بحران مزید شدت اختیار کر جائے گا۔ تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی کی ضامن ہوتی ہے، مگر بدقسمتی سے بلوچستان میں تعلیمی نظام پہلے ہی زبوں حالی کا شکار ہے۔ انہوں نے اساتذہ کی کنٹریکٹ پر بھرتی کو ایک مذاق قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پالیسی نہ صرف اساتذہ کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ ہے بلکہ بلوچستان میں پہلے سے کمزور تعلیمی نظام کو مزید کمزور کرنے کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

معیاری تعلیم کے لیے مستحکم اور مستقل بنیادوں پر بھرتی کیے گئے اساتذہ ناگزیر ہیں۔پروفیسر ڈاکٹر عبدالحلیم صادق سمالزئی نے وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے سردار بہادر خان یونیورسٹی کے امیدواروں کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کا ازالہ کریں اور بلوچستان میں تعلیمی اصلاحات کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں بہتری کے بغیر بلوچستان کی ترقی کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔