محمد جاوید حنیف خان کی زیرصدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کا اجلاس

جمعرات 27 فروری 2025 19:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2025ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کا اجلاس ایم این اے محمد جاوید حنیف خان کی صدارت میں پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں منعقد ہوا ۔ جمعرات کو منعقدہ اجلاس میں قائمہ کمیٹی برائے تجارت نے پاکستان کی چاول کی برآمدات میں رکاوٹوں کے نتیجے میں قومی خزانے کو مالی نقصان پہنچنے کے حوالے سے ایم این اے شرمیلا فاروقی کی جانب سے پیش کردہ توجہ مبذول کرانے کے نوٹس پر تبادلہ خیال کیا ۔

اجلاس کے دوران کمیٹی نے چاول کی برآمدات میں کیڑے مار ادویات کے استعمال کے حوالے سے یورپی یونین کی طرف سے جاری کردہ مختلف انتباہات کا جائزہ لیا ۔چیئرمین کمیٹی نے چاول کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری قانونی اقدامات کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قانونی طریقہ کار کو نظر انداز یا معاف نہیں کیا جانا چاہیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ان اقدامات میں رکاوٹیں ڈالنے والے کسی بھی فرد یا گروہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ چیئرمین نے زور دے کر کہا کہ ان اجارہ داریوں کو ختم کرنے اور برآمد کنندگان کے لیے منصفانہ ماحول پیدا کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے ۔ کمیٹی نے اس معاملے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے 30 دنوں میں ایک فالو اپ میٹنگ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔

اجلاس میں کمیٹی اراکین نےان رکاوٹوں کا پائیدار حل تلاش کرنے اور پاکستان کے چاول برآمدات کے شعبے کی ترقی کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ کمیٹی نے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) سے متعلق بجٹ تجاویز کی بھی جانچ پڑتال کی اور اہم نکات پر تبادلہ خیال کیا۔ ان میں کوئٹہ میں ایکسپورٹ سینٹر کی تکمیل میں تاخیر بھی شامل تھی ، یہ منصوبہ 2017ء میں شروع کیا گیا تھا ۔

کمیٹی اراکین نے منصوبے کی تاخیر پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ۔ کمیٹی نے ایس ایم ایز کے لیے ایکسپورٹ ایکسلریٹر پروگرام پر بھی تبادلہ خیال کیا ، جس کا مقصد صلاحیت سازی اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی برآمدی صلاحیت کو بڑھانا ہے ۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ پروجیکٹ کا پی سی ون 28 فروری 2025 کو بھیجا جائے گا ۔ اجلاس میں ایم این ایز محمد مبین آصف ، اسامہ احمد میلہ ، ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ ، اسد عالم نیازی ، محمد احمد چٹھہ ، محمد عاطف، طاہرہ اورنگزیب ، کرن حیدر ، چودھری آفتاب نذیر ، رانا مبشر اقبال اور احمد جونیجو نے شرکت کی جبکہ محمد علی سرفراز ، رانا عاطف اور فرحان چشتی ، شرمیلا فاروقی نے اجلاس میں آن لائن شرکت کی ۔

وزارت تجارت ، این آئی سی ایل ، پاک ری ، ایس ایل آئی سی اور ٹی ڈی اے پی ، ڈی پی پی ، پی ایس کیو سی اے ، وزارت این ایف ایس اینڈ آر اور چیئرمین آر ای اے پی کے سینئر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے ۔