وزیراعلیٰ مریم نواز نے لکی ڈیئر کی مالی مدد کرکے اعلی مثال قائم کی، سٹیج اداکارامانت چن

جمعہ 28 فروری 2025 15:57

وزیراعلیٰ مریم نواز نے لکی ڈیئر کی مالی مدد کرکے اعلی مثال قائم کی، ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 فروری2025ء) پنجاب میں تھیٹر انڈسٹری کی بحالی اور فحاشی کے خاتمے کے لیے حکومت پنجاب کے اقدامات کو سٹیج اداکاروں اور فنکار برادری کی جانب سےسراہا گیا ہے۔ تھیٹر فنکاروں نے وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا اور ان کے اقدامات کو تھیٹر انڈسٹری کے لیے نئی زندگی قرار دیا۔

آغا ماجد نے کہا کہ پنجاب حکومت نے تھیٹر ڈرامے کی بحالی کے لیے بہترین اقدامات اٹھائے ہیں۔ وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے خود مختلف تھیٹرز کے دورے کیے، جو ان کی سنجیدگی اور محنت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ ہم حکومت کے اعتماد اور ایس او پیز پر پورا اترنے کی پوری کوشش کریں گے۔انہوں نےکہا کہ ہم عظمی بخاری کا ساتھ دیں گے اور وہ ہمارا ساتھ دیں گی۔

(جاری ہے)

نامور سٹیج اداکار امانت چن نے بھی وزیراعلی پنجاب مریم نواز اور عظمی بخاری کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہاکہ شکر ہے کہ کسی نے تھیٹر انڈسٹری کی طرف بھی توجہ دی۔ عظمی بخاری کی محنت سے پاکستان کا تھیٹر ایک بار پھر دنیا میں مقبولیت حاصل کرے گا۔ ہم مریم نواز کو ایک سال کی بہترین کارکردگی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے فنکار لکی ڈیئر کی مالی مدد کرکے ایک اعلی مثال قائم کی ہے۔

سٹیج اداکارہ صائمہ خان نے بھی لائیو مانیٹرنگ کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈراموں کی لائیو مانیٹرنگ فحاشی کے خاتمے کے لیے ایک مثبت قدم ہے۔ عظمی بخاری تھیٹر کی بہتری کے لیے جو کام کر رہی ہیں، ہم ان کے شکر گزار ہیں اور ان کے اقدامات پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔طاہر نوشاد نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز اور وزیر اطلاعات عظمی بخاری تھیٹر انڈسٹری کے فروغ کے لیے جو کام کر رہی ہیں، ہم ان کے ساتھ ہیں۔

تمام مرد و خواتین اداکار حکومت کے مقرر کردہ ایس او پیز کے مطابق کام کریں گے تاکہ تھیٹر انڈسٹری کو صاف تفریح فراہم کی جا سکے۔ فنکار برادری نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی جانب سے اداکار لکی ڈیئر کو 25 لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ حکومت کے اقدامات سے تھیٹر انڈسٹری ایک نئے دور میں داخل ہو گی۔