پی بی آئی ٹی کے زیر اہتمام پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اعلی سطحی اسٹریٹجک مکالمے کا انعقادذ

ہفتہ 1 مارچ 2025 18:09

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2025ء) پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت نے صوبہ میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اعلی سطحی اسٹریٹجک مکالمے کا انعقاد کیا جس میں 12 سے زائد غیر ملکی سفارتکاروں اور اعزازی قونصل جنرلز نے شرکت کی۔ترجمان کے مطابق اس نشست میں ترکیہ، امریکہ، ایران، اٹلی، فرانس، ہنگری، جنوبی افریقہ، چیک ریپبلک، نیدرلینڈز، اسپین، میکسیکو، آذربائیجان اور قازقستان کے نمائندوں نے شرکت کی اور تجارتی شراکت داری کو فروغ دینے و غیر ملکی سرمایہ کاری میں حائل رکاوٹوں کے حل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق اجلاس کے دوران سفارتکاروں نے پالیسی میں بہتری، سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کے اقدامات اور پاکستانی و بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے درمیان براہ راست کاروباری روابط کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

ترک قونصل جنرل دورمش باستگ نے تجویز دی کہ پاک ترک تجارتی معاہدے کو آزاد تجارتی معاہدے میں تبدیل کیا جائے تاکہ دوطرفہ تجارتی صلاحیت کو مکمل طور پر بروئے کار لایا جا سکے۔

لاہور میں فرانس کے اعزازی قونصل جنرل حبیب انور شیخ نے سفارت خانوں کے کمرشل سیکشنز کو شامل کرنے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بحال کیااور طویل المدتی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔نیدرلینڈز کی اعزازی قونصل جنرل صائمہ حمید نے سرمایہ کاری کے مواقع کو آسان بنانے کے لیے معلومات کے تبادلے اور نیٹ ورکنگ کے لیے ایک مخصوص پلیٹ فارم کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔

ہنگری کے قونصل جنرل غلام دستگیر خان نے پانچ سالہ سرمایہ کاری حکمتِ عملی تیار کرنے کی تجویز دی، جس میں ہر سال ترجیحی شعبے متعین کیے جائیں تاکہ ان کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جا سکے۔میکسیکو کے اعزازی قونصل جنرل فیصل منیر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے لیے میکسیکو کو طبی آلات اور ٹیکسٹائل برآمد کرنے کے وسیع مواقع موجود ہیں، جو تجارتی راستوں کو مزید وسعت دے سکتے ہیں۔

اسپین کے اعزازی قونصل جنرل جلال صلاح الدین نے نشاندہی کی کہ سرمایہ کاروں کو موزوں کاروباری شراکت داروں سے جوڑنے سے پنجاب میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔ سی ای او پی بی آئی ٹی سید نجف اقبال نے پنجاب حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اسٹیک ہولڈرز کی آرا کی بنیاد پر پالیسیوں میں بہتری لانے اور غیر ملکی شراکت داری کے لیے اہم شعبوں کی نشاندہی کے لیے سرگرم عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسی نشستیں سرمایہ کار دوست پالیسیوں کی تشکیل اور موثر شراکت داری کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، پی بی آئی ٹی پنجاب میں ایک متحرک سرمایہ کاری کے ماحول کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔سیشن کے اختتام پر سفارتی اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے پر مضبوط اتفاقِ رائے پایا گیا جہاں اسٹیک ہولڈرز نے آئندہ برسوں میں سرمایہ کاری کے فروغ کو زیادہ سے زیادہ یقینی بنانے کے لیے منظم اور مخصوص شعبوں پر مبنی حکمتِ عملی اپنانے پر اتفاق کیا۔