ماہ رمضان المبارک کی آمد پر پنجاب پولیس نے حتمی سکیورٹی پلان تشکیل دےدیا

صوبہ بھر کی مساجد اور امام بارگاہوں کی سکیورٹی پر75 ہزار سے زائد پولیس نفری تعینات ہوگی، سحر، افطار اور تراویح کے اوقات میں موثر پٹرولنگ ہوگی،علماء کرام بھائی چارے اور امن کا پرچار کریں، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 1 مارچ 2025 23:24

ماہ رمضان المبارک کی آمد پر پنجاب پولیس نے حتمی سکیورٹی پلان تشکیل ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ یکم مارچ 2025ء ) ترجمان پنجاب پولیس نے کہا ہے کہ ماہ رمضان المبارک کی آمد پر پنجاب پولیس نے حتمی سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ بھر کی 36 ہزار 500 سے زائد مساجد، 2179 امام بارگاہوں و عبادت گاہوں کی سکیورٹی پر 75 ہزار سے زائد پولیس افسران، اہلکار اور کمیونٹی رضا کار تعینات ہوں گے۔

حساس مساجد، امام بارگاہوں پر 200 سے زائد واک تھرو گیٹ، 12 ہزار سے زائد میٹل ڈٹیکٹرز چیکنگ کے لئے استعمال کئے جائیں گے۔ سحر، افطار اور تراویح کے اوقات میں ڈولفن سکواڈ، پیرو، ایلیٹ ٹیمیں عبات گاہوں کے گرد موثر پٹرولنگ کریں گی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ علما کرام، مشائخ عظام ممبر و محراب سے بین المذاہب ہم آہنگی، بھائی چارے اور امن کا پرچار کریں، سیف سٹی اتھارٹی کے کیمروں کی مدد سے تمام سرگرمیوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے، آر پی اوز، ڈی پی اوز سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیں، مساجد منتظمین و امن کمیٹیوں کے ارکان سے رابطے میں رہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس شہریوں کے تعاون سے رمضان المبارک کا پر امن انعقاد اور شر پسند عناصر کی سرکوبی یقینی بنائے گی۔ مزید برآں ایکس پر ترجمان کے مطابق  وزیر اعلٰی پنجاب کے محفوظ پنجاب وژن کے تحت پنجاب پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کاروائیاں روزانہ کی بنیاد پر جاری۔ منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن میں 108 مقدمات درج کر کے تمام 111 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور کروڑوں روپے مالیت کی منشیات قبضہ پولیس میں لی گئی۔

بجلی چوری سے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے عناصر کیخلاف آپریشنز میں 257 مقدمات درج کر کے 90 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ اسلحہ کی نمائش اور ناجائز اسلحہ کیخلاف کاروائیوں میں 94 چھوٹے بڑے ہتھیار  قبضہ پولیس میں لئے گئے۔ شہریوں کو قیمتی مال و متاع سے محروم کرنے والے 38 گینگز کو گرفتار کر کے 42 ملین روپے کا مال مسروقہ برآمد کیا گیا۔ اس کے علاوہ  ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 21399 چالان کر کے 13 ملین روپے جرمانہ کیا گیا۔ پولیس خدمت مرکز کی ایک چھت تلے دستیاب 14 سہولیات سے 7372 شہریوں نے استفادہ کیا۔