ڈاکٹر نعمان احمد کو این ای ڈی یونیورسٹی کا قائم مقام وی سی بنانے کی منظوری

پیر 3 مارچ 2025 22:33

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 مارچ2025ء)وزیراعلیٰ سندھ نے ڈاکٹر نعمان احمد کو جامعہ این ای ڈی کا قائم مقام وائس چانسلر مقرر کرنے کی منظوری دے دی، موجودہ وی سی ڈاکٹر سروش لودھی کی مدت ملازمت 21 مارچ کو پوری ہوجائے گی۔ صوبے کی سرکاری جامعات کی کنٹرولنگ اتھارٹی کے سربراہ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے این ای ڈی یونیورسٹی کے سینئر ترین پروفیسر ڈاکٹر نعمان احمد کو یونیورسٹی کا قائم مقام وائس چانسلر مقرر کردیا۔

انھیں دیکھ بھال کا چارج دیا گیا ہے وہ 21 مارچ کو موجودہ وائس چانسلر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کی دوسری چار سالہ مدت ملازمت پوری ہونے پر اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔ڈاکٹر نعمان احمد اس وقت این ای ڈی یونیورسٹی کے ڈین آرکیٹیکچر ہیں، وزیر اعلی سندھ کی جانب سے منظور کردہ سمری میں محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کو ہدایت کی گئی ہے کہ مستقل وائس چانسلر کی تقرری کے لیے جلد از جلد تقرری کا عمل 6 ہفتوں میں مکمل کرلیا جائے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ جو سمری محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ کو بھجوائی گئی تھی اس میں ڈاکٹر نعمان احمد، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر طفیل احمد اور ڈین الیکٹریکل پروفیسر ڈاکٹر سعد قاضی کا نام شامل تھا۔یاد رہے کہ ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کی مدت ملازمت 23 مارچ کو مکمل ہورہی ہے لیکن ہفتے وار تعطیل کے سبب وہ 21 مارچ تک بحیثیت وائس چانسلر کام کریں گے۔

متعلقہ عنوان :