یہ ایک انتہائی اچھی خبر ہے کہ موجودہ حکومت اپنا ایک سال پورا کر رہی ہے

مجھے قوی امید ہے کہ افراط زر میں مزید کمی ہوگی، عوام کو ارزاں نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم محمد شہبازشریف کا افراط زر میں مسلسل کمی پر اظہار اطمینان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 3 مارچ 2025 20:33

یہ ایک انتہائی اچھی خبر ہے کہ موجودہ حکومت اپنا ایک سال پورا کر رہی ..
اسلام آباد  ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 03 مارچ 2025ء ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ یہ ایک انتہائی اچھی خبر ہے کہ موجودہ حکومت اپنا ایک سال پورا کر رہی ہے، مجھے قوی امید ہے کہ افراط زر میں مزید کمی ہوگی، عوام کو ارزاں نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کنزیومر پرائس انڈیکس کے حوالے سے افراط زر میں مسلسل کمی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت اپنا ایک سال پورا کر رہی ہے اس موقع پر یہ ایک انتہائی اچھی خبر ہے، یہ امر انتہائی خوش آئند ہے کی افراط زر فروری 2025 میں 1.5 فیصد پر آگئی جو کہ ستمبر 2015 کے بعد سب سے کم شرحِ افراط زر ہے، جولائی 2024 سے فروری 2025 تک افراط زر کی اوسط 5.9 فیصد تک رہی جبکہ پچھلے مالی سال میں اسی عرصہ میں یہ اوسط 28 فیصد تھی ؛ یہ ایک نمایاں کمی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی معاشی ٹیم کی شاندار کاوشوں کی بدولت معاشی اعشاریے ہر گزرتے دن کے ساتھ بہتر ہو رہے ہیں، معیشت میں مسلسل بہتری مستعد  ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، معیشت کی بہتری، کاروبار اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے تمام ادارے مل کر کام کر رہے ہیں، میکرو اکنامک معاشی بہتری کا فائدہ عوام تک پہنچنا شروع ہو گیا ہے ۔ وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ مجھے قوی امید ہے کہ افراط زر میں مزید کمی ہو گی، عوام کو ارزاں نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان المبارک میں بلاتعطل گیس کی فراہمی کی ہدایات کر دیں، وزیراعظم کا رمضان المبارک میں سحرو افطار میں گیس کی عدم فراہمی کا نوٹس،وزیر اعظم نے اس حوالے سے رات گئے ہنگامی اجلاس منعقد کیا جس میں سوئی کمپنیوں کے منیجنگ ڈائریکٹرز اور سینئر انتظامیہ کے ساتھ سحر و افطار میں گیس کی فراہمی کے مسائل پر تفصیل سے گفتگو کی گئی۔

اجلاس میں وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے ماہ رمضان کے دوران سحر و افطار میں گیس کی فراہمی میں مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔وزیر اعظم کی ہدایات پر سوئی سدرن اور سوئی ناردرن کی عوام کو سحر و افطار میں بلاتعطل گیس فراہمی کی یقین دہانی کروا دی۔ وزیر اعظم کی ہدایات پر سوئی سدرن گیس کمپنی نے فوری طور پر گیس پریشر میں 10 فیصد اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب ترجمان سوئی ناردرن گیس نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ وزیرِاعظم کی ہدایات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے سحر و افطار کے اوقات میں گیس کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔ شہری کسی بھی شکایت کی صورت میں 1199 پر رابطہ کریں۔