داسو ڈیم پر کام کرنے والی گاڑی کھائی میں گرنے سے 3 افراد جاں بحق

ریسکیو 1122 نے کنٹرول روم میں حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کی ہدایات پر ایمبولینس اور میڈیکل ٹیم موقع پر روانہ کردی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 5 مارچ 2025 15:28

داسو ڈیم پر کام کرنے والی گاڑی کھائی میں گرنے سے 3 افراد جاں بحق
داسو ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 مارچ 2025ء ) داسو ڈیم پر کام کرنے والی گاڑی کھائی میں گرنے سے 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ قراقرم روڈ پر سی ایس 9 کے مقام پر پیش آیا جہاں تحصیل داسو میں گاڑی حادثے کا شکار ہوئی جس کے نتیجے میں ڈیم پر کام کرنے والی گاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہو کر کھائی میں جاگری۔ بتایا گیا ہے کہ ریسکیو 1122 نے کنٹرول روم میں اس حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کی ہدایات پر ایمبولینس اور میڈیکل ٹیم موقع پر روانہ کردی جہاں ریسکیو 1122، پولیس اور مقامی لوگوں نے امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے 3 افراد کو نکالا تاہم وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اپرکوہستان کے اہلکاروں نے میتوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال داسو منتقل کردیا۔

(جاری ہے)

گزشتہ برس اسلام آباد سے داسو کیمپ جانے والے چینی انجنیئرز پر خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے بشام میں حملہ کیا گیا تھا جہاں خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی چینی انجینیئرز کی گاڑی سے ٹکرادی جس کے نتیجے میں 5 چینیوں سمیت 6 افرا د ہلاک ہوئے تھے، خودکش حملے میں پانچ چینی باشندوں سمیت 6 افراد ہلاک ہوئے، خودکش حملے میں ہلاک ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل تھی۔

ڈی آئی جی مالاکنڈ نے بتایا تھا کہ حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی چینی مسافروں کی گاڑی سے ٹکرائی، چینی مسافروں کی گاڑی کا ڈرائیور زخمی ہوا جسے ہسپتال منتقل کیا گیا، واقعے کے بعد علاقے کو سکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لے لیا اور سکیورٹی فورسز کا بشام میں سرچ آپریشن کیا، شاہراہ قراقرم بشام اور کوہستان کے درمیان آمدورفت کے لیے بند کردی گئی تھی جب کہ واقعے کے بعد داسو اور تربیلا ڈیم کے بعد چینی کمپنیوں نے دیامر بھاشا ڈیم پر سول ورک معطل کردیا تھا۔