علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود سے ایوا کے نو منتخب نمائندوں کی ملاقات

بدھ 5 مارچ 2025 17:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مارچ2025ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی ترقی اور بہتری کے لئے ہمیں اسلامی اصولوں پر مبنی حقوق و فرائض کے متوازن نظام کو اپنانا ہوگا، تمام ملازمین اپنے دائرہ کار میں دیانت داری اور ایمانداری کے ساتھ فرائض سرانجام دیں، انتظامیہ ان کے حقوق کا بھرپور خیال رکھے گی۔یہ بات یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن (ایوا) کے نو منتخب نمائندوں سے ملاقات کے دوران کہی۔

ایوا کے صدر شیر آصف ستی کی قیادت میں ہونے والی اس ملاقات میں نو منتخب 11 اراکین نے شرکت کی۔وائس چانسلر نے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے تمام عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ یونیورسٹی کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کریں گے اور انتظامیہ کو قیمتی مشورے فراہم کریں گے۔

(جاری ہے)

ایوا کے نو منتخب صدر شیر آصف ستی نے وائس چانسلر کو یقین دلایا کہ وہ یونیورسٹی کی بہتری اور ملازمین کے حقوق کے تحفظ کے لئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملازمین کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے اور ان کی امیدوں پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔شیر آصف ستی نے مزید کہا کہ ادارے کے وقار کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم یونیورسٹی کی ترقی کے لئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کے شانہ بشانہ کام کریں گے۔ انہوں نے وائس چانسلر کے حالیہ اصلاحی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم یونیورسٹی کی ترقی کے لئے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔یہ ملاقات یونیورسٹی کی ترقی، ملازمین کی بہتری اور تعلیمی معیار کو مزید بلند کرنے کے عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔