بھارت نے چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات کو زبردست قرار دے دیا

پاکستان میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات بہت زبردست ہیں‘نائب صدر بی سی سی آئی راجیو شکلا بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے کا فیصلہ بھارتی حکومت نے کرنا ہے، انڈین ٹیم حکومت کی اجازت کے بغیر پاکستان نہیں آسکتی چیمپئنز ٹرافی شروع ہونے سے پہلے تمام معاملات طے پائے تھے،بھارتی ٹیم پچ کے بھروسے نہیں، اپنی پرفارمنس کے ساتھ کھیلتی ہے

بدھ 5 مارچ 2025 21:50

بھارت نے چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات کو زبردست قرار دے دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مارچ2025ء)بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا نے چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات کو زبردست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات بہت زبردست ہیں، بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے کا فیصلہ بھارتی حکومت نے کرنا ہے، انڈین ٹیم حکومت کی اجازت کے بغیر پاکستان نہیں آسکتی، چیمپئنز ٹرافی شروع ہونے سے پہلے تمام معاملات طے پائے تھے،بھارتی ٹیم پچ کے بھروسے نہیں، اپنی پرفارمنس کے ساتھ کھیلتی ہے۔

بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ اور جنوفی افریقہ کی ٹیموں کے مابین چیمپئنز ٹرافی 2025ء کا سیمی فائنل میچ دیکھا اور چائے پی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجیو شکلا کا کہنا تھا کہ دنیا تو پاکستان اور بھارت کے میچز کروانے کی پیش کش کرے گی لیکن انڈین بورڈ کی پالیسی ہے کہ دو طرفہ سیریز اپنے اپنے ممالک میں کھیلیں گے۔

(جاری ہے)

چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات کی تعریف کرتے ہوئے بی سی سی آئی سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے بہت اچھا آرگنائز کیا گیا ہے۔ چیمپئنز ٹرافی انٹرنیشنل ایونٹ ہے اس کی بہت اہمیت۔ یہ ایک کامیاب ایونٹ ہے۔ ایشیا کپ کے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بات پہلے سے طے ہے کہ پاکستان کے میچز کسی تیسری جگہ ہوں گے۔

راجیو شکلا نے کہا کہ یہ چیز واضح طور پر کلیئر ہے کہ جب تک بی سی سی آئی کو اجازت نہیں ملتی تب تک آپس میں کرکٹ نہیں کھیل سکتے۔نائب صدر بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ پاکستان آ کر اچھا لگا، آئی سی سی چیمپئنز کا میزبان پاکستان ہے، چیمپئنز ٹرافی کے فائنل کے حوالے سے فیصلہ ہو چکا تھا۔راجیو شکلہ نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ ہو چکا تھا کہ بھارت کے میچز دبئی میں ہوں گے، بھارتی ٹیم پچ کے بھروسے نہیں اپنی پرفارمینس کے ساتھ کھیلتی ہے۔نائب صدر بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ کافی عرصہ بعد پاکستان میں آئی سی کا ٹورنامنٹ ہوا ہے جو اچھی بات ہے، بہت اچھے طریقے سے اس کو آرگنائز کیا گیا۔