علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی سمسٹر بہار 2025ء کی کتب کی ترسیل شروع

جمعہ 7 مارچ 2025 21:25

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی  سمسٹر بہار 2025ء کی کتب کی ترسیل شروع
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2025ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سمسٹر بہار 2025ء کے میٹرک، ایف اے اور ایسوسی ایٹ ڈگری پروگراموں میں داخل لاکھوں طلبہ کو درسی کتب کی ترسیل کا عمل باضابطہ طور پر شروع کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن، پروفیسر ڈاکٹر سید محمد عامر شاہ نے ترسیلِ کتب کے عمل کا افتتاح کیا۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے یونیورسٹی کے تمام شعبہ جات کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ تدریسی امور کو بروقت مکمل کیا جائے تاکہ کسی بھی طالب علم کو تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ یونیورسٹی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ممکن ہوا ہے کہ داخلوں کے ساتھ ہی درسی کتب کی ترسیل کا آغاز کر دیا گیا ہے۔کتب کی ترسیل کے حوالے سے یونیورسٹی نے ''کمپیوٹرائزڈ ٹریکنگ نظام'' متعارف کروا رکھا ہے جس کے ذریعے طلبہ اپنی کتابوں کو سی ایم ایس (CMS) اور پاکستان پوسٹ کے ای پورٹل پر ٹریک کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر شعبہ داخلہ، سید ضیاء الحسنین کے مطابق میٹرک، ایف اے اور ایسوسی ایٹ ڈگری پروگراموں کے طلبہ کو درسی کتب بذریعہ ڈاک ارسال کی جا رہی ہیں جبکہ دیگر پروگرامز کی درسی کتب یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.aiou.edu.pk پر دستیاب ہے۔اگر کسی طالب علم کو درسی کتب موصول نہ ہوں یا ترسیل میں تاخیر ہو تو وہ قریبی ڈاک خانے سے رجوع کر سکتا ہے۔ مزید معلومات اور شکایات کے لیے طلبہ [email protected] پر ای میل کے ذریعے رابطہ کر سکتے ہیں۔