رمضان المبارک کے پہلے ہفتے کا اختتام، گوشت، چکن، آٹا، چینی، گڑ، چاول، دودھ، دہی، ایل پی جی سمیت کئی اشیاء مزید مہنگی ہو گئیں

ایک ہفتے میں20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی آئی، اس دوران 13 اشیائے ضروریہ کے دام بڑھ گئے، ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ہفتہ وار اعدادوشمار جاری کر دیئے

muhammad ali محمد علی جمعہ 7 مارچ 2025 20:42

رمضان المبارک کے پہلے ہفتے کا اختتام، گوشت، چکن، آٹا، چینی، گڑ، چاول، ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 مارچ2025ء) ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ہفتہ وار اعدادوشمار جاری کر دیئے جس کے مطابق رمضان المبارک کے پہلے ہفتے کے اختتام پر گوشت، چکن، آٹا، چینی، گڑ، چاول، دودھ، دہی، ایل پی جی سمیت کئی اشیاء مزید مہنگی ہو گئیں، ایک ہفتے میں20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی آئی، اس دوران 13 اشیائے ضروریہ کے دام بڑھ گئے۔

تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ہفتہ وار اعدادوشمار جاری کر دیئے، گزشتہ ہفتے کے دوران مہنگائی میں 0.09 فیصد کمی، سالانہ شرح منفی 0.87 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی آئی، اس دوران 13 اشیائے ضروریہ کے دام بڑھ گئے، کیلے 10 فیصد، چینی 3.15 فیصد، انڈے 2.52 فیصد مہنگے ہوگئے۔

(جاری ہے)

مٹن، بیف، گڑ، گندم کا آٹا، چاول، ایل پی جی بھی مہنگی ہوئی، گزشتہ ہفتے کپڑے، سگریٹس کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔

دوسری جانب پیاز 5.59 فیصد، چائے 4.47 فیصد، لہسن 3.89 فیصد، ٹماٹر 3.60 فیصد، دال چنا 3.49 فیصد، ماش 2.82 فیصد سستی ہوئی، آلو کی قیمت میں 2.60 فیصد، دال مسور 1.50 فیصد سستی، ڈیزل 2 فیصد اور پیٹرول کے نرخوں میں 0.24 فیصد تک کمی ہوگئی۔ ادارہ شماریات کا اپنی رپورٹ میں یہ بھی کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران کیلے 18 روپے فی درجن تک مہنگے ہوئے، چینی مزید 5 روپے مہنگی ،اوسط قیمت 162 روپے 64 پیسے فی کلو رہی، ایک ہفتے کے دوران ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 83 روپے 25 پیسے تک مہنگا ہوا۔

اسی طرح انڈے فی درجن 7 روپے 23 پیسے، مٹن 6 روپے 56 پیسے تک مہنگا، 20 کلو آٹے کا تھیلا 3 روپے 91 پیسے، بیف 50 پیسے تک مہنگا ہوا۔ ایک ہفتے میں پیاز 4 روپے 95 پیسے، ٹماٹر 2 روپے تک سستے ہوئے۔ علاوہ ازیں آلو 2 روپے، دال ماش 4 روپے، باسمتی ٹوٹا چاول 3 روپے تک سستے ہوئے، تازہ دودھ، دال مونگ اور دہی بھی سستی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں۔