ملک کے 2 سب سے بڑے ڈیم تربیلا اور منگلا ڈیڈ لیول پر آ گئے

پانی کی شدید قلت کے باعث تربیلا ڈیم اور منگلا ڈیم میں پانی کی آمد کے مطابق ہی اخراج کرنے کا فیصلہ

muhammad ali محمد علی جمعہ 7 مارچ 2025 21:03

ملک کے 2 سب سے بڑے ڈیم تربیلا اور منگلا ڈیڈ لیول پر آ گئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 مارچ2025ء) ملک کے 2 سب سے بڑے ڈیم تربیلا اور منگلا ڈیڈ لیول پر آ گئے، پانی کی شدید قلت کے باعث تربیلا ڈیم اور منگلا ڈیم میں پانی کی آمد کے مطابق ہی اخراج کرنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں پانی کی قلت انتہائی تشویش ناک صورتحال اختیار کر گئی ہے۔ انڈس ریور سسٹم اتھارٹی نے تربیلا ڈیم اور منگلا ڈیم میں پانی کا لیول ڈیڈ لیول کے قریب پہنچ جانے پر صوبوں کو خبردار کرتے ہوئے پانی کی تقسیم کا نیا ضابطہ جاری کر دیا۔

جاری مراسلے میں بتایا گیا کہ ربیع سیزن کے باقی عرصہ کے لیے پانی کی 30 سے 35 فیصد قلت کا تخمینہ ہے، ڈیموں میں جتنا پانی آئے گا اتنا آگے ریلیز کیا جائے گا۔ ارسا نے خبردار کیا ہے کہ بارش کے نہ ہونے تک صورتحال بہتر ہونے کا امکان نہیں ہے، بارش نہ ہونے کی صورت میں منگلا اور تربیلا 3 سے 4 روز میں ڈیڈ لیول پر جا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب واپڈا کی جانب سے دریاؤں اور آبی ذخیروں میں پانی کی آمد و اخراج کے اعداوشمار جاری کر دیے گئے جس کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلاکے مقام پر پانی کی آمد 17 ہزار 500 کیوسک اور اخرج 20 ہزار کیوسک، دریائے کابل۔

میں نوشہرہ کے مقام پر پانی کی آمد 12 ہزار 700 کیوسک اور اخراج 12 ہزار 700 کیوسک، خیرآباد پل میں پانی کی آمد 27 ہزار 100 کیوسک اور اخرج 27 ہزار 100 کیوسک، دریائے جہلم ، منگلاکے مقام پر پانی کی آمد 16 ہزار 400 کیوسک اور اخراج 18 ہزار کیوسک، دریائے چناب، مرالہ کے مقام پر پانی کی آمد 4 ہزار 500 کیوسک اور اخراج صفر کیوسک۔ریکارڑ کیا گیا۔ تربیلا ڈیم کا کم از کم آپریٹنگ لیول 1402 فٹ ،ریزروائر میں پانی کی موجودہ سطح 1409.50 فٹ،ریزروائر میں پانی ذخیرہ کرنے کی انتہائی سطح 1550 فٹ اورآج قابلِ استعمال پانی کا ذخیرہ 0.073 ملین ایکڑ فٹ، منگلا ڈیم کا کم از کم آپریٹنگ لیول 1050 فٹ ،ریزروائر میں پانی کی موجودہ سطح 1088.45 فٹ ،ریزروائر میں پانی ذخیرہ کرنے کی انتہائی سطح 1242فٹ اور آج قابلِ استعمال پانی کا ذخیرہ 0.235ملین ایکڑ فٹ ریکارڈ کیا گیا۔

اسی طرح چشمہ بیراج کا کم از کم آپریٹنگ لیول 638.15 فٹ،ریزروائر میں پانی کی موجودہ سطح 643.20 فٹ ،ریزروائر میں پانی ذخیرہ کرنے کی انتہائی سطح 649 فٹ اور آج قابلِ استعمال پانی کا ذخیرہ 0.091 ملین ایکڑ فٹ ریکارڈکیا گیا۔