یوکرین کے ساتھ مذاکرات آئندہ ہفتے سعودی عرب میں ہوں گے، امریکا

ہفتہ 8 مارچ 2025 16:51

یوکرین کے ساتھ مذاکرات آئندہ ہفتے سعودی عرب میں ہوں گے، امریکا
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مارچ2025ء)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایلچی برائے مشرق وسطی سٹیو وٹکوف نے کہا ہے کہ وہ روس کے ساتھ لڑائی ختم کرنے کے لیے فریم ورک پر یوکرین سے بات چیت کر رہے ہیں اور آئندہ ہفتے سعودی عرب میں یوکرین کی قیادت سے ملاقات طے ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سٹیو وٹکوف نے وائٹ ہائوس میں صحافیوں کو بتایا کہ ہم اب یوکرینیوں کے ساتھ ایک میٹنگ کے لیے بات چیت کر رہے ہیں۔

یہ (ملاقات)ممکنہ طور پر ریاض یا جدہ میں ہوگی۔

(جاری ہے)

سعودی عرب میں ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کے ایلچی برائے مشرق وسطی سٹیو وٹکوف نے کہا کہ میرے خیال میں امن معاہدے اور ابتدائی جنگ بندی کے لیے ایک فریم ورک تک پہنچنے کا منصوبہ ہے۔یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ یوکرین اور امریکی حکام کے درمیان طے شدہ مذاکرات سے ایک دن پہلے وہ آئندہ پیر کو سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔انہوں نے ایکس پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ اس کے بعد میری ٹیم اپنے امریکی شراکت داروں کے ساتھ کام کرنے کے لیے سعودی عرب میں رہے گی۔ یوکرین امن میں سب سے زیادہ دلچسپی رکھتا ہے۔